|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2017

خضدار:  ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ عوام کے بنیادی مسائل و مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اجتماعی اسکیمات کی صورت میں عوام کوخصوصی پیکج فراہم کیا جارہاہے ، باغبانہ میں ٹراما سینٹر کی اشد ضرورت تھی ، ٹراما سینٹر کے قیام سے ایک سنگین مسئلہ حل ہوگیا ہے ، ٹراما سینٹر کے ایسے منصوبے قومی شاہراہ کے ساتھ واقع دیگر شہروں میں بھی بنانے کی کوشش کریں گے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ترقی کا جو وژن دیا تھا، اس پر بتدریج عمل ہوتا جارہاہے اور دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے عوام کے بیشتر مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں ۔

باغبانہ میں بننے والے اسپورٹس کمپلیکس سے پورے ضلع کے کھلاڑی مستفید ہونگے اور یہاں کھیلوں کا انعقاد اور ایونٹس منعقد ہونگے ان خیالات کا اؓظہار انہوں نے سب تحصیل باغبانہ کا تفصیلی دورہ کے موقع پر مختلف ترقیاتی اسکیمات جن میں تین کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی شہید سکندر اسپورٹس کمپلیکس ،ایک کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ٹراما سینٹر کا معائینہ کیا جبکہ ریج میں واٹر سپلائی اسکیم کا بھی افتتاح کیا ۔

قبل ازیں باغبانہ پہنچنے پر پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان اور عوام نے ڈٖسٹرکٹ چیئرمین کا استقبال کیا اس موقع پر سردار عزیز محمد عمرانی ،حاجی عید محمد ایڈووکیٹ ،سردار زادہ محمد یوسف قلندرانی ، میر فدااحمد قلندرانی ،سردار بلند خان غلامانی ،میر سعید احمد زہری ،رئیس جاوید سوز مینگل، بشیراحمد جتک ، نصراللہ شاہوانی و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات ، قبائلی عمائدین بھی ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی کے ہمراہ تھے ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ حکومت شہری اور دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ تمام شعبوں میں یکسانیت پیدا کرکے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے رقم خرچ کی گئی ہے ۔ تعلیم ، صحت اور ڈیمز کی تعمیر کو خصوصی اہمیت دی گئی ۔

صوبائی حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے جس وسیع پیمانے پر کام کیا ہے اس کی مثال ماضی کے ادوار میں نہیں ملتی ہے ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ایک نفیس انسان ہیں ، جو صوبے کے عوام کے لئے ایک درد رکھتے ہیں ، انہوں نے تعلیم ، صحت ، مواصلات ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، ڈیمز کی تعمیر اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ماضی سے بڑھ کر کام کیا ہے۔