سبی: چیف آف چانڈیہ نواب سردار احمد خان اور نوابزادہ برہان چانڈیہ پر جھوٹے و بوگس مقدمات کے خلاف چانڈیہ قبیلہ کے افرادسراپاء احتجاج بن گئے،
چانڈیہ مارکیٹ الہ آباد سے سینکڑوں افراد کی احتجاجی ریلی نکالی گئی،پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ،سندھ حکومت و میہڑانتظامیہ کے خلاف شدید نعرئے بازی،بوگس مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع میہڑ میں چانڈیہ قبیلے کے سربراہ نواب سردار خان چانڈیہ اور نوابزادہ برہان خان چانڈیہ کے خلاف جھوٹے اور بوگس مقدمات درج کرنے کے خلاف چانڈیہ قبیلے کے سرکردہ رہنماء میر چنگیز خان چانڈیہ کی قیادت سینکڑوں افراد پر مشتمل احتجاجی ریلی چانڈیہ مارکیٹ الہ آباد سے نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی سبی پریس کلب پہنچی جہاں پر چانڈیہ قبیلے کے سرکردہ رہنماء میر چنگیز خان چانڈیہ،ملک عبدالرشید چانڈیہ،جلال بلوچ ایڈوکیٹ چانڈیہ،انجینئر اسداللہ چانڈیہ نے خطاب کیا ۔
اس موقع پر وڈیرہ عبدالسلام کھوسہ،گل جان چانڈیہ،عبدالحق چانڈیہ ،بشیر احمد چانڈیہ ،ماسٹر عبدالغفور چانڈیہ ،ملک اکبر چانڈیہ ،میر طارق چانڈیہ،ملک مختیار چانڈیہ ،اور مختیار احمد سمیت و دیگر موجود تھے ۔
احتجاجی مظاہرہ سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ میں چانڈیہ قبیلہ صدیوں سے آباد ہے اور چانڈیہ قبیلے کا سربراہ کانہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا کے امیرترین اور رائل فیمیلز میں شمار ہوتا ہے اور چانڈیہ قبیلے کے موجودہ سربراہ نواب سردار خان چانڈیہ جنہوں نے ہمیشہ اپنے قبیلے کے افراد سمیت سندھ کے عوام کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
لیکن صوبہ سندھ کے ضلع میہڑ کی کرپٹ انتظامیہ کی جانب سے چیف نواب سردار خان چانڈیہ کے خلاف سیاسی بنیادوں پر جھوٹے اور بوگس مقدمات درج کرکے سندھ بلوچستان سمیت ملک بھر میں آباد چانڈیہ قبیلے کے لاکھوں افراد کے جذبات کو بھی مجروح کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور میہڑ انتظامیہ کو ہم تنبہیہ کرتے ہیں کہ وہ چانڈیہ قبیلے کے چیف نواب سردار خان چانڈیہ اور نوابزادہ برہان خان چانڈیہ پر درج کیئے گئے خود ساختہ و بوگس مقدمات فی الفور ختم کرکے اس کے پس پردہ عوامل کو عوام کے سامنے لاکر بے نقاب کرئے ۔
انہوں نے کہا کہ پرامن چانڈیہ قبیلے کی برداشت اور صبروتحمل کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے بلکہ ہم اپنے چیف نواب سردار خان چانڈیہ کی خاطر ریکارڈ احتجاج کرکے حکومت کو بتا سکتے ہیں کہ سندھ اور بلوچستان میں چانڈیہ قبیلے کے افراد اپنے چیف نواب سردار خان چانڈیہ سے کس حد تک محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر 48گھنٹوں کے دوران خود ساختہ اور بوگس مقدمات ختم نہیں کیئے گئے تو سندھ اور بلوچستان میں آباد چانڈیہ قبیلے کے افراد شدید احتجاج کرکے قومی شاہراہ کو بلاک کردیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت اور ضلع میہڑ کی انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔