کوئٹہ: چمن میں نوجوان فٹبالر کے قتل کے خلاف لواحقین نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے لاش رکھ کر دھرنا دیا۔
مظاہرین نے ٹائر جلاکر سڑک بند کی اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگا کر قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چمن کے علاقے کوڑک کی پہاڑی سے فٹبالر نصیر احمد کی لاش ملی تھی۔
قتل کے خلاف لواحقین نے مقتول کی لاش مال روڈ پر ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا اور ٹائر جلاکر سڑک ہر قسم کی آمدروفت کیلئے بند کردی۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور کہا کہ نصیراحمد تین دن سے لاپتہ تھے ان کی تلاش کیلئے انتظامیہ نے کوئی مدد نہیں کی اور بالآخر اس کی لاش ہمیں ملی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر اور انتظامیہ کے دیگر افسران کے ساتھ مذاکرات اور یقین دہانی کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کردیا اور پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
چمن ،نوجوان مٹبالر کے قتل کے خلاف لواحقین کا ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا
وقتِ اشاعت : January 28 – 2018