|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2018

خضدار: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی نائب امیرو سینٹ کی جنرل نشست پرامیدوار مولانا فیض محمد جے یوآئی کے مرکزی رہنماء میر یونس عزیز زہری مولانا عنایت اللہ رودینی و دیگر نے شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئیس کہاہے کہ جے یوآئی ملکی آئین بنانے والی جماعت اور اسلامی اقدار کا محافظ جماعت ہے۔

، ہماری جماعت نے آئین و قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے ہمیشہ صف اوّل کا کردار ادا کرتی رہی ہے ۔ ہم دینِ محمدی کا پروگرام لیکر ملکی سیاست میں اپنا حصہ شامل کررہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ آج قبائلی زعماء ، سیاسی رہنماء ومختلف طبقات کے افراد جے یوآئی میں شمولیت اختیار کرکے ہمارے اس سمندرنماء قافلے کاحصہ بن رہے ہیں ۔

مستقبل جمعیت کا ہے اور انشاء اللہ ہماری جماعت اگلے الیکشن میں عوام کی تائید سے بھر پور کامیابی حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کا سلسلہ اسی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز قبائلی رہنماء یوسف علی محمد حسنی اور محمد عالم سمالانی کی قیادت میں شامل ہونے والے دیگر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے جے یوآئی کے مرکزی رہنماء میر یونس عزیززہر، جے یوآئی کے رہنماء و شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا عنایت اللہ رودینی ،جے یوآئی خضدار کے ترجمان مولانا بشیراحمد عثمانی ، سونیجی کوشک کے رہنماء حافظ غلام اللہ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر جے یوآئی کے رہنماؤں مولانا محمودالحسن قمر مولانا عبدالغفار شاہوانی مولانا عبدالستار محمد حسنی حافظ عبدالغفور قلندرانی و دیگر بھی موجو دتھے ۔ جے یوآئی میں شمولیت اختیار کرنے والے قبائلی رہنماؤں یوسف علی محمد حسنی محمد عالم سمالانی نے کہاکہ ہم کوئی لالچ لیکر جے یوآئی میں شمولیت اختیار نہیں کررہے ہیں بلکہ یہ علماء کی جماعت ہے ۔


اس جماعت کی قربانیاں لازوال اور تاریخ کا حصہ ہیں کہ جنہوں نے اسلامی اقدار احیائے اسلام کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں چاہے وہ اسمبلی کے اندر ہو یا اسمبلی سے باہر ہم اس جماعت کی دینی خدمات سے متاثر ہو کرجے یوآئی کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمن اور جے یوآئی بلوچستان کے امیر مولانا فیض محمد کی قیادت میں اس میں شامل ہورہے ہیں ۔اور تن من دہن کی قربانی دیکر جے یوآئی میں ہی زندگی تمام کرلیں گے ۔

ہماری ایک خواہش تھی کہ ہم قیامت کے دن جب اللہ تعالیٰ کے حضور کھڑے ہوں تو ہمارا نام بھی اس حق والی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ آئے اس لئے جے یوآئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور ہر جدوجہد دینے کے لئے تیار ہیں ۔

شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی بلوچستان کے امیر مولانا فیض محمد نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام مظوم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے ، یہ جماعت ہاری کسان اور محنت کش کی جماعت ہے ہماری جماعت نے ہمیشہ مساوات کا پرچار کرکے پوری قوم کو یکساں حقوق دینے کی بات کی ہے یہ آئینی و جمہوری تحریک ہم نے اسمبلی اور اسمبلی سے باہر ہر جگہ چلائی ہے ۔

آج بھی ہم اسلام سے ماخو ذ آئین کی پیروی کرتے ہوئے عوام کی خوشحالی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ۔اسلام مساوات کی تبلیغ کرتا ہے اور جے یوآئی اسی مساوات کے سبق کو لیکر ہی ملک میں سیاست کررہی ہے کہ یہاں تعلیم روزگار اور حقوق سب کو یکساں ملنے چاہیئے ۔ یہ نہیں ہے کہ امیر اور زیادہ امیر تر بن جائے جب کہ غریب اور زیادہ غریب تر بن جائے ۔

ملکی وسائل پر یہاں کے بسنے والے تمام اقوام کا یکساں ہی ملکیت ہے تو ملک کے وسائل پر پوری قوم کو یکساں ہی موقع ملنا چاہیئے، آج جن نوجوان نے قبائلی رہنماؤں نے جے یوآئی میں شمولیت اختیار کی ہے ہم ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور توقع ظاہر کرتے ہیں کہ ان کے آنے سے جماعت مذید مضبوط ہوگی اوروہ اپنی خدمات اس جماعت کے لئے صرف کرتے رہیں گے ۔

جے یوآئی کے رہنماء میر یونس عزیز زہری نے کہاکہ جے یوآئی علمائے حق کی جماعت ہے آج بلوچستان سمیت پورے ملک میں جے یوآئی کو نظر انداز ہی نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

جے یوآئی ایک قوت اور ایک حقیقت ہے جس نے آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے جمہوری انداز میں جدوجہد کی ہے اور یہ تحریک آئندہ بھی اسی طرح جاری و ساری رہیگی ، آئندہ الیکشن کے لئے کارکن تیاری کریں انشاء اللہ کامیابی جے یوآئی کی ہوگی اور آنے والے سیٹ اپ میں جمعیت علمائے اسلام ایک قوت بن کر ابھرے گی ۔