کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرا رہے ، کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے چھ درجے نیچے جبکہ قلات میں آٹھ درجے نیچے گرگیا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سیف اللہ شامی کے مطابق چوبیس دسمبر سے نئی لہر سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ جنوری کا مہینہ انتہائی سرد رہے گا ۔انہوں نے بتایا کہ سائبیریا اور مغرب سے قندھار کے راستے آنے والی یخ بستہ ہواؤں کے داخل ہونے سے کوئٹہ ، قلات اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے۔ کوئٹہ اور گردو نواح یخ بستہ ہوائیں چلنے سے خنکی بڑھ گئی ۔جمعہ کی صبح وادی کوئٹہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی پانچ ، کوئٹہ کے علاقے اسمنگلی میں منفی 6.5جبکہ کوئٹہ کے نواحی علاقے شیخ ماندہ میں منفی 4.5ریکارڈ کیا گیا ۔ قلات میں منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔دالبندین میں منفی تین ، نوکنڈی میں 0.5،ژوب میں ایک ، بارکھان میں منفی 0.5ریکارڈ کیاگیا۔ اسی طرح گرم علاقوں میں بھی درجہ حرارت کم ہو تا جا رہا ہے۔ سبی میں 8.5،خضدار 8،لسبیلہ 6،پنجگور صفر،تربت 8.5جبکہ گوارد میں کم سے کم درجہ حرارت 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سیف اللہ شامی نے بتایا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں موسم خشک رہے گا جبکہ سرد علاقوں میں سردی کی شدت میں صبح اور شام کے اوقات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سیف اللہ شامی نے مزید بتایا کہ دو روز بعد کوئٹہ میں بادل چھانے سے سردی کی شدت میں کمی آئے گی تاہم جیسے ہی مطلع صاف ہوتے ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہوجائے گا، چوبیس سے چھبیس دسمبر تک سخت سردی رہنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سائبیریا اور مغرب کی ہوائیں ہمیں متاثر کرتی ہیں، یہ ہوائیں قندھار سے کوئٹہ سے ہوتے ہوئے کراچی اور پاکستان کے دیگر شہروں کا رخ کرتی ہیں اور ان کو بھی متاثر کرتی ہیں، ان ہواؤں میں اضافے اور سسٹم کے داخل ہونے کے ساتھ ہی کوئٹہ کے پہاڑی علاقوں، زیارت اور قلات میں برفباری کے اچھے امکانات موجود ہیں۔ جنوری انتہائی سرد رہے گا جبکہ سردی کی شدت فروری تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی پیشنگوئی کی کہ جنوری اور فروری کے مہینوں میں بارش کا امکان موجود ہے ۔ دوسری جانب کوئٹہ ، زیارت، قلات، پشین سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے باعث لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔