|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے سینیٹ انتخابات میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دو آزاد امیدواروں کی درخواستیں خارج کردی گئیں۔

حسین اسلام اور عبدالقادر نے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر3مارچ کو ہونیوالے سینیٹ کے انتخابات کیلئے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ۔ جانچ پڑتال کے دوران الیکشن کمیشن بلوچستان نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے۔

دونوں امیدواروں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا ۔ ٹربیونل نے بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

جس پر دونوں امیدواروں نے بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ جسٹس محترمہ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر اور جسٹس جناب جسٹس ظہیر الدین کاکڑ پرمشتمل ڈویژنل بینچ نے 22فروری کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد حسین اسلام اور23فروری کو عبدالقادر کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلے محفوظ کرلئے تھے ۔

پیر کو بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں امیدواروں کی اپیلیں مسترد کردیں اور انہیں سینیٹ کے انتخابات میں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر حصہ لینے کیلئے اہل قرار نہیں دیا۔