|

وقتِ اشاعت :   February 28 – 2018

سبی : پانچ روزہ سالانہ سبی میلہ مویشیاں واسپاں 2018آج سے اپنی رعنائیوں اور آب و تاب کے ساتھ شروع ہورہا ہے ،سبی میلے کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کریں گے ،

رکن قومی اسمبلی وزیر میر دوستین خان ڈومکی ،صوبائی وزیرسردار سرفراز خان ڈومکی کی شرکت ،میلے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دئے دی گئی،سیکورٹی میں غیر معمولی اضافہ،سالانہ سبی میلہ 2018پروقارتقاریب کے ساتھ 4مارچ تک جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق پانچ روزہ سالانہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں 2018آج سے رنگا رنگ پروگرام کے ساتھ شروع ہورہا ہے سبی میلے کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کریں گے افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی میر دوستین خان ڈومکی ،صوبائی وزیر سردار سرفراز خان ڈومکی ،صوبائی وزیر امور حیوانات آغا رضا شاہ،صوبائی وزیر پاپولیشن میر اعجاز سنجرانی سمیت صوبائی وزراء صوبائی سیکرٹریز،قبائلی عمائدین و معتبرین شرکت کریں گے ۔

سالانہ میلے کا افتتاح چاکراعظم اسٹیڈیم میں صبح 10بجے شروع ہوگی سالانہ سبی میلہ میں ماضی کی طرح امسال بھی ہارس اینڈ کیٹل شو،گھڑ دوڑ،نیزہ بازی،فلاور شو ،آتش بازی،مویشی منڈی ،سرکس گراؤنڈ ،چڑیا گھر،زرعی و صنعتی نمائش ،میوزیکل نائٹ کے علاوہ کھیلوں کے مقابلوں سمیت دیگر رنگا رنگ پروگرامز پیش کیئے جائیں گے ۔

سبی میلے کے موقع پر حفاظتی انتظامات کو فول پروف کرلیا گیا ہے اور شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے چیکنگ کے عمل کو انتہائی سخت کردیا گیا ہے جبکہ بلوچستان پولیس کی دو ہزار اضافی نفری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔

اس کے علاوہ لیویز فورس ،بلوچستان کانسٹیبلری،ایف سی اہلکار بھی اپنے فرائض انجام دیں گے ،سالانہ سبی میلہ2018کے چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی و ڈپٹی کمشنر ذاکر ناصر نے بتایا کہ عوام کی تفریح کے لیے امسال سالانہ سبی میلہ میں بیشتر نئے آئٹمز پیش کیئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سبی میلہ بلوچستان کی تاریخ و تمدن کا گہوارہ ہے جو نہ صرف سبی بلکہ صوبہ بھر کی معیشت کو استحکام بخشتا ہے سبی میلے میں مالداری اور زراعت کے فروغ کو عملی جامعہ پہنایا جاتا ہے جس کے ذریعے ہمارئے صوبے میں زراعت کے شعبہ میں بہتری اور مالداری میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سبی میلے کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کریں گے جبکہ انشاء اللہ اختتامی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین کی شرکت کریں گے جن کی شرکت سے یقیناًسبی میلے کی رونقوں کو چار چاند لگ جائیں گے جبکہ سبی کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی یقیناًمثبت و بہترپیکج کابھی اعلان کریں گے ۔

اس ضمن میں ہم نے اپنی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔دریں اثناء سبی میلہ کو شایان شان بنانے کے لیے بھر پور تیاریاں جاری ہے، سبی میلہ قومی وحدت و یکجہتی کا مظہر ہے، اور بلوچستان کی ثقافتی اقدار کا مظہر ہے، عوام کو تفریح فراہم کرنے کے لیے مختلف ایونٹ ترتیب دیئے گئے ہیں۔

کمشنر سبی سہیل الرحمان بلوچ سبی میلہ میں صدر پاکستان سمیت اہم ملکی شخصیات کی آمد متوقع ہے، سبی میلہ کا مالدارسال بھی انتظار کرتے ہیں اور میلہ میں لگنے والی مویشیوں کی منڈی کا شمار ملک کی بڑی منڈیوں میں ہوتا ہے۔

ذاکر ناصرڈپٹی کمشنر و چیئرمین میلہ کمیٹی سبی ،تفصیلات کے مطابق کمشنر سبی ڈویژن میر سہیل الرحمان بلوچ نے میر چاکر خان ڈومکی اسٹیڈیم سبی، نمائش گراؤنڈ سبی اور سبی میلہ کے لیے جاری کاموں کا جائزہ لیا ، ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سبی ذاکر ناصر، اسسٹنٹ کمشنر میر رحمت اللہ گشکوری، ڈائریکٹر ترقیات وقار الزمان کیانی،ایکسین بی اینڈ آر ٹو بشیر ناصر،ایکسین بی اینڈ آر میر حبیب الرحمن بلوچ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید مرغزانی، راجہ افتخار الزمان کیانی و دیگر بھی ہمراہ تھے ۔

کمشنر سبی ڈویژن نے سردار چاکر خان ڈومکی اسٹیڈیم کا تفصیلی معائنہ کیا ، اور ڈپٹی کمشنر و ڈائریکٹر ترقیات نے انہیں بریفنگ دی، سبی میلہ کی مرکزی افتتاحی تقریب بھی اسی اسٹیڈیم میں منعقد کی جاتی ہے ، کمشنر سبی ڈویژن نے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں، اور بعد ازاں نمائش گراؤنڈ سبی کا معائنہ کیا اور وہاں جاری تیاریوں کے بارے میں انہیں بریفنگ دی گئی، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ سبی میلہ تاریخی اہمیت کاحامل اور بلوچستان کی ثقافت کا مظہر ہے، جو صدیوں سے منعقد کیا جا رہا ہے، اور میلے کی تقریبات کو شایان شان بنانے کے لیے بھر پور تیاریاں جاری ہیں، اور اس سلسلے میں تمام عملہ دن رات اپنے فرائض سرانجام دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ میلہ کے دوران سیکیورٹی کا فول پروف پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں پاک آرمی، ایف سی بلوچستان، لیویز ، بی سی اور پولیس کی خدمت حاصل کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ سبی میلہ پورے بلوچستان کی عوام کا تفریح کا ذریعہ بھی ہے، اور لوگ یہاں دور دراز سے آتے ہیں۔

عوام کو بھر پور تفریح فراہم کرنے کے لیے بھی مختلف ایونٹ ترتیب دیئے گئے ہیں، اور سرکس ، موت کا کنواں، چڑیاں گھر جھولے اور بہت سے دوسرے ایونٹ عوام کو بھر پور تفریح فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میلہ بلوچستان کے کلچر کا آئینہ دار بھی ہے ، اور اس سلسلے میں کلچرل شو کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے، اور اس سلسلے میں بلوچستان کی کلچر کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میلہ میں صدر پاکستان سمیت اہم ملکی شخصیات کی شرکت متوقع ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں،اس موقع پر موجو د ڈپٹی کمشنر و چیئرمین میلہ آرگنائزنگ کمیٹی ذاکر ناصر نے بھی بھی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سبی میلہ مالداروں کی لیے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔

مالدار سبی میلہ کے لیے اپنے جانوروں کی سارا سال خدمت کرتے ہیں، اور مال مویشیوں کی فروخت کے اعتبار سے سبی میلہ میں لگنے والی منڈی کا شمار ملک کی بڑی منڈیوں میں ہوتا ہے اور کرڑوں روپے کے مویشیوں کی خریدو فروخت کی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام مویشیوں کے مختلف مقابلے بھی منعقد کیے جاتے ہیں جس میں فربہ جانوروں کو انعامات دیئے جاتے ہیں جس سے مالداروں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔