کراچی :اطالوی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل والٹر جیرارڈلی نے گذشتہ دنوں پاکستان کا سرکاری کیا۔ اسلام آباد میں اپنی مصروفیات کے دوران اطالوی نیول چیف نے 7مارچ کو نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور اور دونوں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کے موجودہ اور آئندہ کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں ایڈمرل والٹر جیرارڈلی کراچی میں پاک بحریہ کی مختلف فیڈ کمانڈز سے ملے۔ معزز مہمان نے کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس اور کمانڈر پاکستا ن فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اطالوی نیول چیف نے کثیرالقومی بحری اتحاد اور بحری قذاقی کے خلاف ٹاسک فورس میں مسلسل شمولیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار اور عزم و حوصلے کی تعریف کی۔
کراچی میں قیام کے دوران ایڈمرل جیرارڈلی نے مزار قائد کا دورہ کیا اور مزار پر پھول بھی چڑھائے ۔ علاوہ ازیں معزز مہمان نے پاک بحریہ کے جہاز اور مختلف یونٹس کادورہ بھی کیا۔
اطالوی نیول چیف کے دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص دوطرفہ دفاعی تعاون مزید فروغ پائے گا۔