کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں سیکورٹی فورسز اور نامعلوم مسلح افراد کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں پانچ مسلح افراد سمیت ایک ایف سی اہلکار بھی جاں بحق ہوا ۔ ایف سی کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان سیکورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس تھے جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق پیر کو کیچ (تربت) کے علاقے بلیدہ میں ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر سیکورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس مسلح افراد نے اچانک حملہ کیااور کیمپ میں کھڑے 2 بلڈوزر اور ایکسیویٹر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ کنسٹرکشن کمپنی کی سیکورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھینا گیا ۔ سول انتظامیہ کی اطلاع پر ایف سی بروقت موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کاروائی شروع کردی ۔ ایف سی اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 حملہ آور موقع پر ہلاک ، 2 زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا صوبیدار ثمرگل زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لئے تربت ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ۔ ہلاک ملزمان کی دو لاشیں تحویل میں لے لی گئی جو سیکورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس تھے ۔جبکہ پہاڑی علاقہ اور تاریکی ہونے کے باعث ملزمان تین لاشیں اور اپنے دو زخمیوں کو ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے ۔ ہلاک افراد کے قبضے سے ایک عدد سنائپر رائفل ، 3 عدد کلاشنکوف اور 2عدد جی تھری رائفل بھی برآمد کئے گئے جس میں لیویز سے چھینا گیا اسلحہ بھی شامل ہے ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ملزمان تربت سے بلیدہ کے درمیان تعمیر ہونے والی روڈ پرجیکٹ کے منصوبے کو ختم کرنے کے لئے یہ کاروائی کی اور وہ نہیں چاہتے کہ صوبے کے اندر عوام کے لئے کوئی فلاح وبہبود اور دیگر کوئی ترقیاتی کام ہو ۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان فورسز کی وردی میں معصوم لوگوں کو اغواء کرکے اور ان کا الزام سیکورٹی فورسز پر ڈال دیتے تھے اس کے علاوہ مذکورہ شرپسند سیکورٹی فورسز پر حملوں ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا ، اغواء برائے تاوان اور دیگر خطرناک جرائم میں ملوث تھے ۔ شرپسند عناصر فورسز کی وردی میں کارروائیاں کرکے سیکورٹی فورسز اور عوام کے درمیان ایک نفرت اور بے چینی کی فضاء پیدا کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی یہ ناپاک عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے ۔ دریں اثناء آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ایف سی اہلکاروں کی بروقت کاروائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ فرنٹیر کور بلوچستان کے جوانوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ فرنٹیر کور بلوچستان صوبے بھر میں شرپسندوں و دہشت گردوں کے خلاف اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر کاروائی جاری رکھے گی ۔