کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے کے باعث 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل میں غیر ملکی کنٹریکٹرز کی رہائشی کالونی کے نزدیک خود کش بم دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے جائے وقوع پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقہ کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے لگتا ہے دہشت گردوں کا ٹارگٹ رہائشی علاقہ نہیں بلکہ پرائیویٹ سیکیورٹی فرم کی گاڑی تھی۔
افغان میڈیا کے مطابق تاحال کسی شدت تنظیم کی جانب سے دہشت گردی کے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی تاہم سیکیورٹی فورسز خدشہ ظاہر کر رہی ہیں کہ اس دھماکے کی نوعیت اور طریقہ واردات سے پتا چلتا ہے کہ خود کش دھماکے کے پیچھے تحریک طالبان کی ذیلی تنظیم جماعت الاحرار ملوث ہوسکتی لیکن حتمی بات مکمل تحقیقات کے بعد ہی کہی جاسکتی ہے۔