کوئٹہ : بلوچستان کی وادی بولان میں اپنی نوعیت کی منفرد اوربین الاقوامی معیار کی بولان جیپ ریلی تین روز بعد اختتام پذیر مختلف کیٹگریز میں جعفر مگسی ، زین محمود، گوہر سنگی،ظفر بلوچ،صاحبزادہ فواد،زرین مگسی،حسن علی مگسی،لیاقت شاہوانی ،عقیل احمد ،تشان پٹیل نے میدان مارلیا۔
تفصیلا ت کے مطابق بولان کے علاقے بی بی نانی میں ہیڈ کوارٹرز سدرن کمانڈ کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے 19 سے 21مارچ تک بولان جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے 9مختلف کیٹگیریز میں 60سے زائد نا مور ڈرائیورزنے حصہ لیا ریلی کی اختتامی بولان میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ تھے۔
تقریب میں وزیر مملکت برائے پٹرولیم میر جام کمال عالیانی ،صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی ،میر عاصم کردگیلو،آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم،رکن سندھ اسمبلی نادر مگسی، میر ہزار خان کھو سہ ،میر حیات ساتکزئی ،خالد مگسی سمیت قبا ئلی و علاقہ عمائدین بھی موجود تھے ۔
ریلی کے اختتام پر پری پیرڈ کیٹگیری (اے) میں جعفر مگسی (بی) کیٹیگری میں زین محمود،(سی) کیٹیگیری میں گوہر سنگی،(ڈی) گیٹیگری میں ظفر بلوچ نے اول پوزیشن حاصل کی،سٹاک کیٹیگیری (اے) میں صاحبزادہ فواد ،(بی) کیٹیگری میں زرین مگسی ،(سی) کیٹیگری میں حسن علی مگسی اور (ڈی) کیٹیگری لیاقت شاہوانی نے ٹرافی جیتی جبکہ وینٹج کیٹیگری میں عقیل احمد اور لیڈیز مقابلوں میں مسنر ٹشنا پٹیل فاتح رہیں ۔
ریلی کے لئے بولان میں ایک ماہ کی مدت میں اٹھاسی کلومیٹر طویل پتھریلا دشوار گزار اور خطرناک ٹریک خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا جبکہ سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔
ریلی میں شرکت کرنے والے ڈرائیورز نے ایونٹ کے انعقاد کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریلی کے انعقاد سے پرامن بلوچستان کا پہلو اجاگر ہوگا جن علاقوں میں لوگ جانے سے بھی خوفزدہ تھے آج وہا ں جیپ ریلی کے انعقاد سے یہ ثابت ہوا کے صوبے میں امن لوٹ رہا ہے اور امید کرتے ہیں آنے والے دونوں میں مزید ایونٹس کا بھی انعقاد کیا جائے گا، بعدازاں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اول پوزیشن حاصل کر نے والے ڈرائیوز میں انعامات تقسیم کئے ۔
تین روزہ بولان جیپ ریلی اختتام پذیر
وقتِ اشاعت : March 22 – 2018