اسلام آباد(آزادی نیوز) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہاکہ جموں وکشمیر متنازع علاقہ ہے اور اس تنازعے پر پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ پاکستان نے مسئلہ کشمیرپر اپناموقف دہرایاہے اوریہ معاملہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پرزور دیاہے۔ دفترخارجہ کی ترجمان نے کہاکہ جموں وکشمیر ایک متنازع علاقہ ہے اوراس تنازعے پرپاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیںآئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس تنازعے پرسلامتی کونسل 20 قراردادیں منظورکر چکی ہے۔ تسنیم اسلم نے کہاکہ پاکستان نے یہ مسئلہ باربار عالمی برادری کے سامنے اٹھایاہے جوکشمیر کے نصب العین سے پاکستان کی گہری وابستگی کاثبوت ہے۔ انھوں نے کہاکہ انتخابات رائے شماری کامتبادل نہیں ہوسکتے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کا تقاضاہے کہ مقبوضہ علاقے سے بھارتی فوج واپس جائے۔ آن لائن کے مطابق انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی چاہتاہے۔ امیدہے کہ نئی حکومت آنے پریہ عمل بحال ہوجائے گا۔ ایک انٹرویومیں انھوں نے کہاکہ مذاکراتی عمل بھارت میں عام انتخابات کے نتیجے میں نئی حکومت کے قیام کے بعددوبارہ شروع کیاجائے گا۔ سعودی وزیرخارجہ کے آئندہ دورے سے متعلق انھوں نے کہاکہ یہ معمول کارابطہ ہے۔