تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی 2018ء کاالیکشن اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیادپر لڑے گی، 2018ء کے الیکشن میں کامیابی کے بعد پرامن وخوشحال بلوچستان کے سفرکوجاری رکھاجائے گا۔
نوجوان سنجیدہ وفکری سیاست میں اپنا کردار نبھائیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے تربت آمدکے بعد ورکروں اورمختلف وفودسے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر صوبائی صدر سنیٹرکہدہ اکرم دشتی، میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ، ضلعی صدرمحمدجان دشتی ودیگررہنماموجودتھے ۔
انہوں نے کہاکہ آج کل کچھ لوگ بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں مگر ان کی حقیقت سے سب واقف ہیں نیشنل پارٹی کے اقتدارمیں آنے سے قبل بلوچستان کے کیاحالات تھے ، عوام کس کرب میں مبتلاتھے یہ کسی سے پوشیدہ نہیں مگر ان حالات میں نیشنل پارٹی نے اقتدار کوایک چیلنج سمجھ کرنہ صرف قبول کیا بلکہ اس سے عہدہ برآہونے کی ہرممکن سنجیدہ کوشش کی جس کے مثبت نتائج برآمدہوئے ۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچستان اوربلوچ کی حقیقی نمائندہ سیاسی پلیٹ فارم ہے جو نعرہ بازی ،لفاظی اور شعبدہ بازی کے بجائے ایک فکری ونظریاتی سیاست کی حامی ہے اورنیشنل پارٹی کی سیاست وجدوجہدکی بنیاد خدمت ہے ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان اوربلوچ قوم کوایک بہتر وخوشحال مستقبل دینے کیلئے تمام شعبہ جات سے وابستہ افراد کو سیاست میں اپنا کردارنبھانا ہوگا اور ان کیلئے بہترین چوائس نیشنل پارٹی ہی ہے۔
، انہوں نے کہاکہ نوجوان کسی بھی قوم کامستقبل ہوتے ہیں بلوچ نوجوان سیاسی بیگانگی سے نکل کر قومی جہد میں اپنا حصہ اداکریں اور بلوچستان کے سیاسی اکابرین نے جوجدوجہد اورتحریک ہم تک پہنچائی ہے نوجوان اس جدوجہد کے وارث بنیں کیونکہ نوجوانوں کی سیاست اورسیاسی جدوجہد سے بیگانگی بلوچ کیلئے نیک شگون نہیں ۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے 5سال کے قلیل عرصے میں ایک بہترمستقبل اورمضبوط انفرااسٹرکچرکی بنیاد رکھی ہے ، ہم نے ہرشعبہ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ،2018ء کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے اس تسلسل کوبرقراررکھیں گے۔
اقتدار چیلنج سمجھ کر قبول کیا بہت حد تک کامیاب رہا ،ڈاکٹر مالک بلوچ
وقتِ اشاعت : April 8 – 2018