رحیم یار خان: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک میں کوئی ایک بھی سیاستدان ایسا نہیں جسے فوج نے پیدا نہ کیا ہو۔
رحیم یارخان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے پاس نابجلی ہے نا پانی اور نا ہی روٹی، پینے کا صاف پانی نا ہونے کے باعث لوگ ہیپاٹائٹس سے مررہے ہیں، نوازشریف نے ملک و قوم کو لوٹ کھایا، ملک میں اتنی کرپشن ہوئی کہ سی پیک پر کام روک دیا گیا ہے، جس ملک میں جج کے گھر میں فائرنگ ہوجائے وہاں قوم کی بیٹی کیسے محفوظ ہوسکتی ہے، جس عمر میں بچوں کے شناختی کارڈز نہیں بنتے شریف خاندان کے بچے ارب پتی بن گئے، لیکن یہ تمام صورتحال جاننے کے باوجود ہم ووٹ دیتے وقت آنکھوں پرپٹیاں باندھ لیتے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں تباہی اس لئے ہے کہ بیورو کریٹ بھی کرپٹ ہیں، آج ووٹ کی عزت کی باتیں کررہے ہیں جب کہ ووٹ کو جتنا نواز شریف نے ذلیل کیا اس کی مثال نہیں ملتی، فوج اور عدلیہ کے خلاف بیانات دیئے جارہے ہیں، پاکستان میں ایک بھی سیاست دان ایسا نہیں جس کو فوج نے پیدا نہ کیا ہو لیکن بدقسمتی ہے کہ فوج کی نرسری بھی نوازشریف جیسی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پردے کے پیچھے این آر او کی کوشش کی جارہی ہے، حکمران احتساب میں نہیں بلکہ ختم نبوت کے خلاف کام کرنے پر اللہ کی پکڑ میں آئے، پارلیمنٹ میں بیٹھے سارے مولویوں نے ختم نبوت کے خلاف ووٹ دیا اور مولانا فضل الرحمان نے پہلی مرتبہ اس معاملے پر میرا شکریہ ادا کیا، کرپٹ لوگ جب تک سیاست سےنہیں نکلیں گےملک ترقی نہیں کرے گا۔