|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2018

یورپ کی ایک عدالت نے کہا ہے کہ دنیا کے سب سے زیادہ مالدار فٹبالروں کی فہرست میں شامل لیونل میسی اپنا نام بطور مالکانہ حقوق استعمال کر سکتے ہیں۔

بارسلونا اور ارجنٹینا کے سٹرائیکر لائنل میسی نے کھیلوں کی مصنوعات پر اپنا نام استعمال کرنے کے حق کے لیے سات سال تک یہ مقدمہ لڑا۔

ان کی اصل درخواست پر ہسپانوی سائیکلنگ برانڈ ’ماسی‘ ( MASSI) نے یہ کہہ کر اعتراض کیا تھا کہ دونوں ناموں میں کافی مماثلت ہے جس سے لوگوں کو الجھن ہو سکتی ہے۔

تاہم یورپ کی جنرل کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے کہ میسی اتنے معروف ہیں کہ الجھن نہیں ہو سکتی۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب گذشتہ دنوں ہی فرانس فٹبال میگزین نے یہ خبرد دی تھی کہ میسی نے آمدن کے لحاظ سے کرسٹیانو رونالڈو کو پیھچے چھوڑ دیا ہے۔ میسی کی آمدن ساڑھے 12 کروڑ یورو سے زائد بتائی گئی ہے۔

میگزین کے مطابق رونالڈو اس وقت 9.4 کروڑ یوروز کما رہے ہیں۔

’شہرت‘

لائنل میسی نے اپنا نام بطور مالکانہ حقوق استعمال کرنے کے لیے 2011 میں یورپی یونین آفس فار انٹلیکچول پراپرٹی میں درخواست جمع کروائی تھی۔

اس درخواست پر یہ کہہ کر فیصلہ ان کے خلاف سنایا گیا تھا کہ میسی اور سائیکل ساز کمپنی کے نام ’دیکھنے اور بولنے میں تقریباً ایک جیسے ہی لگتے ہیں۔‘

ای یو آئی پی او کا کہنا تھا کہ چند افراد ہی ان ناموں میں فرق کر سکیں گے۔

تاہم یورپی یونین کی دوسری سب سے بڑی عدالت جنرل کورٹ اس فیصلے سے متفق نہیں۔

جمعرات کو اس کا کہنا تھا کہ ’فٹبال کھلاڑی کی شہرت ان ناموں میں دکھائی دینے اور صوتی مماثلت کو ختم کر سکتی ہے۔‘

’مسٹر میسی اصل میں ایک جانی مانی شخصیت ہیں جنھیں ٹی وی پر دیکھا جاتا ہے اور ان کا اکثر ٹی وی اور ریڈیو پر ذکر کیا جاتا رہتا ہے۔‘