|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2018

ڈیرہ بگٹی : گزشتہ شام کو سوئی کے شہریوں نے پانی کے عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر شدید احجاج کیا۔

بگٹی کالونی ،محمد کالونی،ڈوڈوانی پل پر الگ الگ شہری جمع ہوئے اور ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردیں ،جس سے شہر میں ٹریفک جام ہوگئی اور آمدورفت متاثر ہوا ۔ شہریوں نے پی پی ایل کمپنی انتظامیہ اور محکمہ پی ایچ ای کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ گزشتہ رات دیر تک شہری احتجاج کرتے رہے،ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمیں پانی نہیں دیا جاتا ہم اپنے گھروں کو نہیں جائینگے۔ 

واضح رہے کہ پیر کوہ،زین لوٹی کے شہری گزشتہ کئی مہینوں سے پانی کے عدم فراہمی پر سراپا احتجاج ہیں،اب سوئی کے شہری بھی اس احتجاج میں شامل ہوئے ہیں۔علاقے میں میں پانی کا مسئلہ گزشتہ وقتوں سے رہا ہے مگر جوں جوں گرمیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں شہریوں کا صبر کا پیمانہ جواب دیتا جا رہا ہے اور روز بروز کے احتجاجوں میں شدت آتی جارہی ہے۔ 

حکومت کی طرف سے پیر کوہ کے لیئے ڈیرہ بگٹی سے پانی لے جانے کا منصو بے کا اعلان تو ہوا مگر تاحال شروع نہیں ہوسکا اور سوئی کے لیئے گوپٹ پانی کا منصوبہ بیچ میں ہی کچھ مہینوں سے بند پڑا ہے۔