|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2014

کوئٹہ +خضدار(اسٹاف رپورٹر +نامہ نگار+ایجنسیاں) اندرون بلوچستان مختلف واقعات پولیس ملازم جاں بحق ایک زخمی ضلع بولان اور صنعتی شہر حب سے دو نعشیں برآمد خضدار میں دھماکہ کی آواز سنی گئی تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع بولان میں پہاڑی علاقے سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد کرلی گئی ۔ لیویز کے مطابق بولان کی تحصیل مچھ سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور جھالاوان کریش کے قریب پہاڑی علاقے سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے تحویل میں لیکر سول اسپتال مچھ پہنچایا گیا۔ لیویز کے مطابق لاش دو روز پرانی اورتقریباً 45سال عمر کے شخص کی ہے اور اسے بد ترین تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے۔ مقتول کو گولیاں مارنے کے علاوہ ذبح اور جسم کے مختلف اعضاء کاٹے گئے ہیں ۔ لیویز کو لاش کے ساتھ ایک پرچی بھی ملی ہے جس پر مقتول کا نام الطاف حسین ولد غلام نبی سکنہ سلطان پور پنجاب لکھا ہے ۔ پرچی پر ایک کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’’الطا ف حسین سیکورٹی فورسز کا سابق اہلکار ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ مقتول ریٹائرمنٹ کے بعد ایک حساس ادارے کے لئے کام کرتا تھا‘‘۔ دریں اثناء بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں مقامی بیکری کے قریب سے ایک تشدد زدہ لاش ملی جیسے لیویز نے قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچادیا تاہم فوری طور پر لاش کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں حجام کی دکان پر فائرنگ سے پولیس ملازم جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ سریاب روڈ پر تھانہ کیچی بیگ کی حدود کلی غلام جان میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے ڈاکٹر عزت اللہ شہید کلینک کے سامنے واقع حجام کی دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں25سالہ احسان علی منگی ولد غلام سرور جاں بحق جبکہ اس کا 22سالہ بھائی نادر علی شدید زخمی ہوگیا۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ لاش اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ڈاکٹر کے مطابق زخمی ناد ر علی کو کندھے میں ایک گولی لگی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول احسان علی پولیس کا ملازم تھا اور پولیس لائن میں حجامت کا کام کرتا تھا۔ جبکہ خضد ار شہر میں زور دار دھماکے کی آوا زسنی گئی تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات کو خضدار شہر میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی تاہم جگہ کا تعین نہ ہوسکا اور نہ ہی کوئی جانی نقصان کی اطلاع ملی ۔