سبی: بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ،پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی،شناختی کارڈ اور لوکل سرٹیفکیٹ کے حصول میں دشواریوں کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی سراپاء احتجاج بن گئی ،ساقی چوک پر احتجاجی دھرنا و مظاہرہ اورریلی نکالی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سبی شہر میں پینے کے صاف پانی کی مصنعی قلت ،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،شہریوں کو لوکل سرٹیفکیٹ اور شناختی کے حصول میں دشواریوں کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی سراپاء احتجاج بن گئی ،جرگہ ہال سبی کے سبزہ زار سے ضلعی صدر اسلم جتوئی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی بلوچستان چوک پر پہنچی جہاں پر شدید گرمی کے باوجود بی این پی عوامی کے کارکنوں نے احتجاجی دھردیا اور مظاہرہ کیا ۔
احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی عوامی کے ضلعی صدر اسلم جتوئی ،جنرل سیکرٹری جلال بلوچ ایڈوکیٹ،ضلعی ترجمان میاں محمد یوسف،لیبر سیکرٹری محمد دین مری ،اللہ بخش ،فرہاد مسیح رندو،سید امجد شاہ ،سید کرامت علی شاہ،مولا بخش ہاڑہ ایڈوکیٹ،واحد بخش پوپلزئی ایڈوکیٹ ودیگر نے کہا کہ سبی میں قیامت خیز گرمی کے باوجود لوگ پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کوترس رہے ۔
شہری سارا سارادن پینے کے صاف پانی کے لیے سرگرداں رہتے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ،کروڑوں روپے کی ترقیاتی اسکیمات بھی بے سود ثابت ہوچکی ہیں اور شہری نالیوں اور جوہڑوں کا گندہ اور مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ اضافہ نے شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں کیسکو حکام سبی کی گرمی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سبی کو لوڈ شیڈنگ سے مستشنیٰ قرار دئے تاکہ سبی کے شہری رمضان المبارک میں عبادات بغیر کسی پریشانی کے اداکرسکیں انہوں نے مزید کہا کہ جعلی اور بوگس لوکل کمیٹی جو چند روپوں کی خاطر نان لوکل کو لوکل جاری کرتے ہیں جبکہ لوکل افراد کو دھکے کھانے پر چھوڑ دیتے ہیں اور بلاجواز عذر پیش کرکے شہریوں کے لوکل سرٹیفکیٹ نہیں بنائے جارہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا اسی طرح شناختی کارڈ کا ھصول بھی جوئے شیر کے مترادف ہے اور شہریشناختی کارڈ کی بھاری فیسوں سے عاجز آچکے ہیں تو دوسری جانب نادرا کے عملہ کی غلط رویوں کی وجہ سے شہری پریشانی سے دوچار ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی خاموشی بھی معنی خیز ثابت ہورہی ہے بجو محکموں کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لینے کے بجائے سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام شہریوں کے مسائل میں خاطر خواہ کمی لانے کے لیے عملی طور پر ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔
سبی،لوڈشیڈنگ کے خلاف بی این پی کا شدید احتجاج
وقتِ اشاعت : May 14 – 2018