لاہور: نیب نے جاتی امرا غیرقانونی سڑک کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو طلب کررکھا ہے۔
نیب لاہور نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک کی غیر قانونی تعمیر اور خرد برد کے الزام میں 20 مئی کو طلب کررکھا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو اس سے قبل بھی 2 بار طلب کیا جاچکا ہے تاہم نوازشریف گزشتہ طلبی پر لندن میں اپنی اہلیہ کی عیادت میں مصروف ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم کو جاتی امرا کے اندر جانے سے روک دیا گیاتاہم ٹیم نے نوازشریف کی طلبی کا نوٹس جاتی امرا میں وصول کرادیا۔
واضح رہے کہ نیب کے مطابق نواز شریف پر اپنے بھائی شہباز شریف کے ساتھ مل کرذاتی فائدے کے لیے سڑک بنانےکا الزام ہے، نوازشریف نے مبینہ طور پر 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کرکے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک تعمیر کرائی اور ان کے حکم پرسڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے بڑھا کر 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت بڑھ گئی، نوازشریف کے حکم سے ضلع کونسل کے بہت سےعوامی منصوبے بند کرنے پڑے، جس سےعوام کا نقصان ہوا جب کہ 17 اپریل 2000 میں کی گئی تفتیش میں انکشاف ہوا تھا کہ منصوبے میں 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کی کرپشن بھی کی گئی۔