تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، مرکزی ترجمان جان محمدبلیدی ، صوبائی نائب صدر منصوربلوچ اور انجینئرحمیدبلوچ نے کہاہے۔
کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کی امیدہے اورکارکن اس کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، نوجوان بلوچستان کے قومی وسیاسی حقوق کی جدوجہد میں اپنا تاریخی کردار اداکریں،ثابت قدمی کے ساتھ اپنا سیاسی کردارکریں گے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدربرائے سندھ انجینئر حمیدبلوچ کی رہائش گاہ پر کارکنوں کے اعزازمیں دئیے گئے افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
افطار پارٹی میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ، ملابرکت بلوچ، ناظم الدین ایڈووکیٹ، ڈاکٹرمحمدنوربلوچ، ٹھیکیدار زبیر احمدرند، قادربخش بلوچ، مقبول عالم نوری ، کیچ بارکے صدر قاسم گاجی زئی ایڈووکیٹ ودیگررہنما اورکارکنان بڑی تعدادمیں شریک تھے ،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی میں کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔
اورپارٹی بلوچستان کے عوام کی امید ہے ، کارکن جب تک اپنا تاریخی قومی کردارادانہیں گے اس وقت تک کامیابی ممکن نہیں ہے ، انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے قومی سیاست پرشب خون مارنے کی تیاری ہورہی ہے۔
بلوچستان کے قومی اداروں کوغیرفعال اور غیرسیاسی کرنے کے خلاف سیاسی کارکنوں کو اپنے قومی شعور وآگاہی کامظاہرہ کرنا ہوگا، نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان جان محمدبلیدی نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ کارکن وبلوچستان کے نوجوان اپنی سیاسی بالیدگی اور شعور کاثبوت دیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی سیاست میں اورقوم پرست تحریک میں نوجوانوں کااپنا کردار ومقام ہے ۔
نوجوانوں نے قومی جدوجہد کے ہرمرحلے پر انتہائی سنجیدگی اور قومی سیاست سے اپنی گہری وابستگی کاثبوت دیکر بلوچ تحریک ومفادات کادفاع کیاہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ایک غیرسیاسی ٹولہ نادیدہ قوتوں کی ایماء پر بلوچستان کی سیاست پرقبضہ کرنے اور بلوچستان کے سیاسی وشعوری رول وکردارکومسخ کرنے کیلئے پرتول رہاہے ۔
لیکن بلوچستان کی سیاسی قوتوں کو اس غیرسیاسی عمل کاادراک کرتے ہوئے اس کے خلاف موثر حکمت عملی کی اشدضرورت ہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے قوم پرست قیادت نے تاریخ کے ہرمشکل ادوارمیں انتہائی ثابت قدمی کے ساتھ ان منفی وقوم دشمن عناصر کا ڈٹ کرمقابلہ کیاہے۔
نیشنل پارٹی بلوچستان کے نائب صدر منصوربلوچ نے کہاکہ ہمیں اپنی صفوں کو دوبارہ مضبوط کرنا ہوگا اورتنظیم وپارٹی پر خصوصی توجہ دینا ہوگا انہوں نے کہاکہ ہمیں ذاتی مفادات وپسندوناپسند کوبالائے طاق رکھ کر قومی شعور وآگہی کامظاہرہ کرکے منفی وغیرجمہوری عناصرکے خلاف مضبوط سیاسی حکمت عملی کے تحت اپنی جدوجہد کوآگے بڑھانا ہوگا۔
نیشنل پارٹی کے نائب صدربرائے سندھ انجینئر حمیدبلوچ نے افطار پارٹی میں شرکت کرنے والے سیاسی کارکنوں ، بی ایس او کے جوانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں وسیاسی کارکنوں کو سیاسی وجمہوری عمل میں اپنا قومی وشعوری کرداراداکرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنوں اورنوجوانوں کا بہترین پلیٹ فارم نیشنل پارٹی ہے۔
اوراسی جماعت کے ذریعے وہ اپنے قومی وسیاسی مفادات کی سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھانے میں کامیاب ہوں گے انہوں نے کہاکہ آج کانوجوان انتہائی باشعورہے وہ دنیا اور اپنے ملک میں ہونے والی تبدیلیوں پرگہری شعوری نظررکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں اور خصوصاً بلوچستان میں ہونے والے2018ء کے انتخابات میں نوجوانوں کو اپنی سیاسی شعورکامظاہرہ کرنا ہوگا انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو اس وقت ایک سیکورٹی اسٹیٹ میں تبدیل کردیاگیاہے تمام ادارت مفلوج کردئیے گئے ہیں۔
اوراب پارلیمنٹ پرقبضہ کرنے کیلئے سازشیں کی جارہی ہیں ہمیں بلوچستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف اپنا شعوری وقومی کردار اداکرنے کی ضرورت ہے اگر آج ہم اپنے ادارے بچانے میں ناکام ہوئے تویہ بہت بڑی سیاسی تباہی کاسبب بن سکتاہے اس کے خلاف موثرحکمت عملی اور آوازاٹھانے کی ضرورت ہے ، نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے صدرمحمدجان دشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالات ملک وبلوچستان کے گھمبیر ترہوتے جارہے ہیں۔
بلوچ مخالف تمام قوتیں متحدہوچکی ہیں جب تک ہم متحدنہ ہوئے اوربھرپور اندازمیں قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں فعال کردار ادانہیں کیا توہم مشکلات ومسائل کے شکارہوں گے ، پارٹی کارکنوں کو چاہیے کہ وہ آپس میں الجھنے کے بجائے قومی مسائل پر توجہ دیں اورپارٹی کی بھرپورکامیابی کیلئے کوشش کریں۔