|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2018

اسپینش کلب ریال میڈرڈ کے کوچ اور سابق عظیم فٹبالر زین الدین زیڈان نے اپنی ٹیم کو لگاتار تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جتوانے کے ایک ہفتے بعد ریال میڈرڈ کی کوچنگ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

45سالہ زیڈان ڈھائی سیزن تک ٹیم کے کوچ رہے اور انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ میرے ٹم کے لیے تبدیلی کا موزوں ترین وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیت کا تسلسل جاری رکھنے کے لیے اس کلب کو تبدیلی درکار ہے اور میرے ساتھ ان کے لیے مزید جیتنا مشکل ہو گا۔

زیڈان نے میڈرڈ کے کوچ کی حیثیت سے 9ٹائٹل جیتے جن میں 3 مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنا بھی شامل ہے جبکہ میڈرڈ نے سا کے ساتھ ساتھ ایک مرتبہ اسپینش لیگ، ایک اسپینش سپر کپ، دو یوئیفا سپر کپ اور دو کلب ورلڈ کپ جیتے۔

ریال میڈرڈ نے فرانس کے سابق عظیم فٹبالر کی خدمات جنوری 2016 میں حاصل کی تھیں جو ان کی ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی نوکری تھی اور کوچنگ کا تجربہ نہ ہونے کے سبب ان کی قابلیت پر شکوک کا اظہار کیا جا رہا تھا لیکن انہوں نے تمام چیزوں کو غلط ثبت کرتے ہوئے ہسپانوی کلب کو شاندار فتوحات سے ہمکنار کرایا۔

میڈرڈ کی بی ٹیم کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد انہیں رافا بینی ٹیز کی جگہ ذمے داریاں سونپی گئیں اور جب 2014 میں ریال میڈرڈ نے چیمپیئنز لیگ جیتی تو وہ ٹیم کے منیجر کارلو اینسیلوٹی کے نائب تھے۔

ایک کھلاڑی کی حیثیت سے زیڈان نے یوونٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے دو چیمپیئنز لیگ فائنل کھیلے لیکن دونوں ہی مرتبہ انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا لیکن 2002 میں انہوں نے ریال میڈرڈ ٹیم کا حصہ ہوتے ہوئے چیمپئینز لیگ کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جس میں ان کی مشہور والی سے کیا گیا گول کافی مقبول ہوا تھا۔

انہوں نے فرانس کو 1998 کا ورلڈ کپ جتوانے میں بھی مرکزی کردار ادا کیا لیکن ایک کھلاڑی کی حیثیت سے ان کے کیریئر کا اختتام مایوس کن انداز میں ہوا جہاں 2006 ورلڈ کپ کے فائنل میں انہیں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔