برونیٹسی: میسی کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے بے تاب ٹریننگ سیشن میں سیکڑوں لوگ پہنچ گئے وہ ارجنٹائن کے پرچم لہراتے ہوئے سپر اسٹار کے نام کے نعرے لگاتے رہے پریکٹس کی کوریج کیلیے 200 سے زائد رپورٹرز بھی موجود تھے۔
روس میں فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے موجودہ دور کے سپر اسٹارز میں ارجنٹائنی لیونل میسی سرفہرست اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے شائقین بے تاب رہتے ہیں۔ گذشتہ روز جب ارجنٹائن کی ٹیم اپنے پہلے پریکٹس سیشن کیلیے دریائے سینڈی کے کنارے موجود برونیٹسی ٹریننگ سینٹر میں پہنچی تو ان سے قبل ہی وہاں پر سیکڑوں شائقین موجود تھے، جنھوں نے اپنے ہاتھوں میں ارجنٹائن کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، وہ میسی میسی کے نعرے لگانے میں مصروف تھے، ان کی تعداد 500 سے زائد تھی، اسٹرائیکر کے نام والی بارسلونا کلب کی شرٹ پہنے 10 سالہ بچے ڈائما نے کہاکہ ارجنٹائن کی ٹیم ورلڈ کپ جیت جائے گی اس لیے نہیں کہ وہ اچھی ٹیم ہے بلکہ ان کے پاس میسی ہے جو سب کچھ کر سکتے ہیں۔
میسی نے بھی شائقین کا دل نہیں توڑا بلکہ ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور آٹو گراف بھی دیے۔ 4 برس قبل برازیل میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کو جرمنی کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس بار بھی وہ ٹرافی کیلیے فیورٹ ٹیموں میں شامل اور ایک قدم آگے بڑھنے کیلیے پُرعزم ہے۔ میگا ایونٹ میں ارجنٹائن اپنے سفر کا آغاز 17 جون کو آئس لینڈ سے مقابلے سے کرے گا،اس کے بعد 21 جون کو کروشیا اور 26 جون کو نائیجیریا سے مقابلہ ہوگا۔