|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2018

دنیا ئے فٹبال کے ہر ٹیم کی خواہش ہے کہ وہ عالمی چمپئن جرمنی زیر کرے۔ یہ کہنا ہے کہ جرمن فٹبال ٹیم کے کوچ یوآخیم لو کا۔ گذشتہ دنوں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عالمی چمپئن کو چاروں شانے چت کرنے کے خواہش مند کچھ اور دن انتظار کرلیں، ورلڈ کپ شروع ہونے دیں ، اپنی باری کا انتظار کریں اور کمر کس کر آئیں ، ہم بھی دیکھیں گے کون کتنے پانی میں ہے۔

چار سال کے انتظار کے بعد عالمی کپ فٹبال کا میلہ اس بار روس میں سج گیا ہے،14 جون سے شروع ہونے والے ان مقابلوں میں 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ 4 ٹیموں پر مشتمل آٹھ گروپ تشکیل دئیے گئے ہیں۔ گروپ مقابلوں کے بعد 16 ٹیمیں پری کوارٹر فائنل مقابلوں کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔ اس کے بعد بتدریج کوارٹر فائنل اور پھر سیمی فائنل مقابلے ہوں گے۔ اور سب سے آخر میں مقابلوں کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان عالمی چمپئن کے لیے مقابلہ ہوگا۔ 

عالمی کپ کے ان مقابلوں کے دنیائے فٹبال کی بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی۔ موجودہ عالمی چمپئن جرمنی اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ پانچ بار کی عالمی چمپئن برازیل چھٹے ٹائٹل کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی تو دوسری جانب دنیائے فٹبال کے دوچمکتے ستارے کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی اپنی ٹیموں کے سر عالمی چمپئن کا تاج سجانے کے لیے ہر ہنر آزمانے کی کوشش کریں گے۔ 

ماہرین فٹبال عالمی چمپئن جرمنی اور برازیل کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں جبکہ یورپ میں شائقین فٹبال فرانس کو اگلا عالمی چمپئن دیکھ رہے ہیں۔ ان تینوں ٹیموں کے بعد اسپین، ارجنٹائن ، انگلینڈ اور بیلجیم کی ٹیمیں متوازن دکھائی دیتی ہیں۔ عالمی مقابلوں میں شامل یورپی چمپئن پرتگال ، کروشیا اور سربیا کی ٹیمیں بھی کسی بھی ٹیم کو زیر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

مجموعی طور پر کسی بھی سپر اسٹار کی عدم موجودگی کے بعد جرمنی کی ٹیم ایک متوازن ٹیم کے طور پہچانی جاتی ہے، اپنے بہترین دفاعی (مٹس ہملس اور جیروم بوٹنگ ) اور تکنیکی طور پر مضبوط ہاف بیک کھلاڑیوں ( ٹونی کروس اور سمی کیدیرا ) کی بدولت جرمنی کو ہمیشہ دوسری ٹیموں پر سبقت حاصل رہی تو دوسری جانب دنیائے فٹبال کے بہترین گول کیپر مانوئل نوائر کا تعلق بھی موجودہ عالمی چمپئن سے ہی ہے۔اگر جرمن ٹیم کے اٹیک پر نظر ڈوڑائیں تو میسوت اوزل، مارکو روئس اور تھوماس مولر جیسے تجربہ کار کھلاڑی کسی بھی ٹیم کو چاروں شانے چت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

انتوان گریس من، کیلیاں مبپے ، پال پوگبا، اولیور جیرو، رافائل واران ، ماتوئیدی ،عدیل رامی،تولیسو، اوسمان ڈیمبلے، کنگس لے کوماں اور ان جیسے دیگر کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی میں فرانس کو زیر کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگا۔ عالمی سطح کے اتنے نامور کھلاڑیوں کی موجودگی فرانس کو بلا مبالغہ عالمی چمپئن بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔