خضدار : بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ و حلقہ پی بی38 زہری،کرخ و پی بی39 خضدار،نال سے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ بی این پی عوامی کی سیاست عوام کی مفادات کے تابع ہے ہم عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
عوامی خدمت اور قول و فعل کی یکسانیت کے بدولت بی این پی رہنماؤں کو عوام میں پزیرائی اور مقبولیت حاصل ہے۔ پچیس جولائی کے انتخابات میں مکران اور جھالاوان سے تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھالاوان کمپلیکس کے قریب الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی نے ہمیشہ اجتماعیت اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ہم نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر عوامی مفادات کو ترجیح دی ہے اور بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ مکران سے لیکر جھالاوان تک بی این پی عوامی بھرپور عوامی حمایت حا صل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کی پہچان عوام کی خدمت اور جھوٹ و فریب سے پاک سیاست کی وجہ سے ہے۔ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ بی این پی عوامی کسی صورت عوامی مفادات پر سودا بازی نہیں کرے گی اور ماضی کی طرح امن،تعلیم،ترقی و خوشحالی کے لےئے بھر پور انداز میں جدوجہد کریگی۔انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ الیکشن مہم میں تیزی لاکر بی این پی عوامی کی امن و خوشحالی کے پیغام کو عام کریں۔
بی این پی عوامی کے ضلعی صدر ڈاکٹر حضوربخش زہری،حاجی نورالدین چھٹہ،یاسر چیف،عنایت جام،سمیع رؤف، حاجی انور قلندرانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء الیکشن مہم کے سلسلے میں میر اسرار اللہ زہری نے اسد آباد و دیگر علاقوں میں بھی عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔
دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی صدر سابق وفاقی وزیر و سینیٹر میر اسرار اللہ زہری نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف غیر منصفانہ ، غیر جانبدارانہ انتخابات کی ملکی مسائل کا حل ہے لیکن نگران حکومتیں اور ادارے کس طرح سیاسی نمائندوں اور جماعتوں کو صاف اور شفاف انتخابات کے حوالے سے باور کرا سکتے ہیں اس وقت بھی جو انتخابی عمل میں معاملات چل رہے ہیں یا حالات دکھائی دے رہے ہیں وہ تمام صاف اور شفاف انتخابی عمل کو مشکوک بنارہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ادوار کی طرح آج بھی انتخابات میں عوام کو دھونس دھمکیوں اور خوفزدہ کرکے انہیں حراساں کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے منظور نظر لوگوں کو ووٹ دلوانے کے لئے دباؤ ڈالا جاتا ہے تو کس طرح غیر جانبدرانہ آزادانہ ، منصفانہ صاف اور شفاف انتخابات کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا اس وقت ملک بھر کی طرح بلوچستان میں جو صورتحال ہے وہ بھی سب کے سامنے عیاں ہے ۔
اس پر کوئی دو رائے نہیں بلوچستان ہمارا صوبہ ہے عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے پر امن صاف ستھرا ماحول ملنا چاہئے تاکہ عوام اپنے حقیقی عوامی نمائندوں اور سیاسی جماعتوں کے نامزد امیدواروں کو اپنے ووٹوں سے کامیاب کراکر ایوان میں بھیجے اور وہ حقیقی نمائندے ان کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے میں سیاسی قیادت اور جماعتوں کو بھی ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا تاکہ ووٹروں کو پر امن ساز گار ماحول مہیا ہوسکے جہاں پر دھونس دھمکی اور زبردستی لوگوں سے ووٹ دلوانے کے لئے دباؤ ڈالا جاتا ہے ایسی صورت میں سیاسی قیادت اور جماعتیں عوام اور ووٹروں کو صرف دلاسہ ہی دے سکتی ہے ۔
ہماری کوشش ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں تمام ملکی ادارے بہتر کردار ادا کریں کیونکہ صاف اور شفاف انتخابات سے ہی ملکی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
عوام کے حقوق و اختیارات کا ایجنڈا لیکر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ، اسرار زہری
وقتِ اشاعت : June 29 – 2018