ماسکو: فیفا ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں بیشتر بڑی ٹیمیں رنگ نہ جماسکیں۔
دفاعی چیمپئن جرمنی کو اخراج کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، اسپین، ارجنٹائن، برازیل اور فرانس بھی روایتی کھیل نہ پیش کرپائے، فیورٹس میں شامل نہ ہونے کے باوجود کروشیا اور یوروگوئے نے دھاک بٹھائی، ایران نے بھی متاثر کیا، لیونل میسی، نیمار شایان شان کھیل نہ پیش کرپائے، کرسٹیانو رونالڈو نے توقعات کا بوجھ اٹھایا۔ تفصیلات کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ کا روس میں آغاز ہوا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ عالمی رینکنگ میں نمبر ون جرمن ٹیم پہلے مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہرہو جائے گی، دفاعی چیمپئن کے فارورڈز اور دفاعی کھلاڑی میکسیکو کیخلاف اولین میچ میں ہی تتر بتر نظر آئے، سوئیڈن کیخلاف آخری لمحات میں گول کے بعد آس بندھی کہ شاید فارم میں واپسی ہو گئی، مگرکوریا جیسی ٹیم کے خلاف گول کرنے میں ناکامی کے بعد انجری ٹائم میں 0-2 کے خسارے میں جانے والی ٹیم منہ لٹکائے گھر واپسی پر مجبور ہوگئی، اسپین کو بھی فیورٹس میں شمارکیا جا رہا تھا لیکن ایشین ٹیم ایران سمیت2 مقابلے برابر کرتے ہوئے ٹیم نے پرستاروں کو مایوس کیا۔
فرانس کی ٹیم نے اگرچہ اپنے گروپ میں 7 پوائنٹس جوڑے لیکن فارورڈ لائن حریف ڈیفنڈرز کیخلاف زیادہ کامیاب نظر نہیں آئی، ارجنٹائن کا بھی روایتی کھیل دیکھنے میں نہیں آیا، آئس لینڈ سے شکست اور صرف 4 پوائنٹس کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میں رسائی اس کا ثبوت ہے، برازیلین ٹیم نیمار کی موجودگی کے باوجود آخری لمحات میں فتح سمیٹتی رہی، بیلجیئم کی کارکردگی میں استحکام نظر آیا، دوسری جانب یوروگوئے اورکروشیا جیسی ٹیموں نے فیورٹس نہ ہونے کے باوجود مسلسل فتوحات سمیٹیں اور ناقابل شکست رہتے ہوئے اپنے اپنے گروپس میں ٹاپ پر جگہ بنائی۔
ایونٹ کی سب سے لو رینک ٹیم میزبان روس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے2میچز جیتے، محمد صلاح کی خدمات حاصل ہونے کے باوجود مصری ٹیم تینوں میچز ہار گئی، ایران نے اگرچہ واحد فتح مراکش کے خلاف حاصل کی لیکن اسپین اور پرتگال کے ساتھ مقابلے برابر کرتے ہوئے روشن مستقبل کی نوید سنائی، کوریا خود تو ایونٹ سے باہر ہوا لیکن آخری لیگ میچ میں جرمنی کو بھی لے ڈوبا، سوئٹزر لینڈ، سوئیڈن اور میکسیکو نے اپنے انداز کی فٹبال کھیلی اور قابل قبول نتائج کے ساتھ اگلے مرحلے میں رسائی پائی، انگلینڈ کمزور حریفوں تیونس اور پاناما کا شکار کرنے میں کامیاب رہا، کولمبیا، جاپان آسان گروپ میں مناسب کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں پہنچے۔