عالمی کپ فٹبال کے گروپ سطح کے مقابلے اپنے اختتام کو پہنچ گئے۔ دفاعی چمپئین جرمنی اور پولینڈ کے سوا تمام متوقع ٹیمیں نا ک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ ارجنٹائن کی ٹیم کو ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے مشکلات کا سامنا رہا اور وہ لڑکھڑاتی ہوئی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرپائی۔ مشکلات کا سامنا پرتگال اور اسپین کو بھی رہا۔
ایران کی ٹیم نے رونالڈ و کی موجودگی میں پرتگال کو دن میں تارے دکھادئیے۔ کروشیا، بیلجیم اور یوراگوئے کی ٹیمیں گروپ سطح کے اپنے تمام میچز میں فتح یاب رہیں۔
برازیل اور فرانس کی ٹیمیوں کو قدرے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم انگلینڈ کو اپنے آخری گروپ میچ میں بیلجیم کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوناپڑا۔ ایونٹ میں اب ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہوا چاہتا ہے، بہترین کھیل اور مضبوط اعصاب کا اب امتحان ہوگا۔ ٹیموں کے پاس غلطی کی اب کوئی گنجائش نہیں ہوگی بصورت دیگر گھر کا راستہ دیکھنا ہوگا۔
پری کوارٹر فائنلز مقابلوں کا آغاز 30 جون کو فرانس اور ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔ میسی اینڈ کمپنی کے مقابلے میں گریس مین، پوگبا، بے مپے جیسے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متوازن ٹیم ہوگی۔ ماہرین فرانس کو اس مقابلے کے لیے فیورٹ قرار دے رہے ہیں ، جبکہ دوسری جانب اسی روز ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے اسٹار کھلاڑیوں کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
کرسٹیا نو رونالڈ و پرتگال کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے میدان میں اتریں گے تو دوسری جانب میسی کے دست راست لوئی سواریز یوراگوئے کی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔اس کانٹے دار مقابلے میں ماہرین پرتگال کو بہتر قرار دے کر اسے کوارٹر فائنل میں فرانس کے مد مقابل دیکھ رہے ہیں۔
یکم جولائی کو سابق عالمی چمپئن اسپین میزبان روس کا سامنا کرے گی۔ اسی روز کروشیا کی ناقابل شکست ٹیم ڈنمارک کے مد مقابل ہوگی۔ گروپ سطح پر ان ٹیموں کی کاکردگی پر نظر رکھنے والے اسپین اور کروشیا کو کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے دیکھ رہے ہیں۔
اگلے روز ایونٹ کے مزید دو مقابلے ہوں گے۔پانچ بار کی عالمی چمپئن برازیل کا مقابلہ میکسیکو سے ہوگا جبکہ جاپان کی ٹیم بیلجیم کی مضبوط ٹیم کا سامنا کرے گی۔ ان مقابلوں میں بالترتیب برازیل اور بیلجیم کو فیورٹ قرار دے کر انہیں کوارٹر فائنل مقابلے کا حریف قرار دیا جارہا ہے۔
پری کوارٹر مرحلے کے آخری روز سویڈن کی ٹیم سوئٹزرلینڈ کا سامنا کرے گی جبکہ 1966کی عالمی چمپئن انگلینڈ کا مقابلہ کولمبیا سے ہوگا۔ ان دو مقابلوں کا اختتام انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیموں کے فتح کی صورت میں نظر آتا ہے اور یہی دو ٹیمیں چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل مقابلے میں متوقع طور پر ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔
عالمی کپ کے کوارٹر فائنل مقابلے بالترتیب 6اور 7 جولائی کو ہوں گے اور اگر پری کوارٹر فائنل مقابلوں کی پیش گوئیاں درست ثابت ہوئی تو یہ مقابلے پرتگال اور فرانس، برازیل اور بیلجیم ، اسپین اور کروشیا اور انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ہوں گے۔
اس لحاظ سے 10 جولائی کا پہلا سیمی فائنل فرانس اور برازیل جبکہ 11جولائی کو ہونے والا دوسرا سیمی فائنل کروشیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے کا امکان نظر آتا ہے۔
اور اگر ماہرین کی یہ تمام پیش گوئیاں درست ثابت ہوئی تو فائنل فرانس اور کروشیا کے درمیان ہوگا۔
اور غیر متوقع طور پر ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے اسٹار کھلاڑیوں لوکا مودرج اور ایوان راکیٹج کی ٹیم کروشیا اس بار کی عالمی چیمپئین بن جائے گی۔