ہرارے: سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے شکست دیدی۔
ہرارے میں سہ ملکی ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا میچ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا، زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان نے مقررہ اوورز میں زمبابوے کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز سلومن مرے اور شمو چبھابھا نے کیا تاہم اوپنرز کوئی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف ایک رن پر زمبابوے کی پہلی وکٹ گرگئی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولنگ کے آگے زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہ سکا اور صرف 88 کے اسکور پر 5 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔
زمبابوے کی جانب سے تریسائی موساکانڈا نے مزاحمت کی اور 43 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ 102 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، بعد میں آنے والے کھلاڑی زمبابوے کے اسکور میں صرف 6 رنز کا ہی اضافہ کرسکے اور پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 108 رنز بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز، عثمان خان، حسن علی اور محمد حفیظ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور فخرزمان نے کیا تاہم صرف 13 کے مجموعی اسکور پر حفیظ 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں حسین طلعت اور کپتان سرفراز خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور بالترتیب 10 اور 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اوپنر فخرزمان نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ 61رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور آصف علی نے ٹیم کو سنبھالا، دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 62 رنز کی شراکت قائم کی۔ شعیب ملک کے 37 اور آصف علی کے جارحانہ 41 رنز کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 182 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ زمبابوے میں کھیلی جارہی ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں پاکستان اور زمبابوے کے علاوہ آسٹریلیا بھی شامل ہے جب کہ ٹی 20 رینکنگ میں گرین شرٹس پہلے، آسٹریلیا تیسرے اور زمبابوے 12 نمبر پر موجود ہے۔