|

وقتِ اشاعت :   July 3 – 2018

برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونئیر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں مگر لگتا ہے کہ اب لوگ انہیں کھیل کے بجائے فیلڈ میں ان کی ‘اداکاری’ کو زیادہ پسند کرنے لگے ہیں۔

جی ہاں یہ مذاق نہیں بلکہ درحقیقت بیشتر افراد تو نیمار کو 2019 کے آسکر ایوارڈز کے لیے بہترین امیدوار بھی قرار دینے والے ہیں اور یہ فٹبالر کسی بھی میچ میں اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کررہے۔

روس میں جاری 2018 کے فٹبال ورلڈ کپ میں برازیل کے ہر میچ میں نیمار نے اپنے کھیل کے ساتھ فرضی انجری کے ‘شاندار مظاہرے’ کیے ہیں۔

سوئٹزر لینڈ کے خلاف میچ میں تو سوئس ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں نے نیمار کو کھل کر کھیلنے ہی نہیں دیا اور انہیں مسلسل گھیر کر رکھا گیا اور یہاں وہاں گراتے رہے، جبکہ ریفری کی جانب سے بھی انہیں زیادہ تحفظ نہیں ملا، جس پر بھی سوشل میڈیا پر کافی پرمزاح ٹوئٹس سامنے آئیں۔

مگر نیمار کا اصل ‘جادو’ کوسٹاریکار کے خلاف میچ میں دیکھنے میں آیا، جس میں انہوں نے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ کے پاس ایسے گرنے کا شاندار مظاہرہ کیا کہ ریفری نے پینالٹی کک دے دی مگر نئے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم میں برازیلین کھلاڑی کی چالاکی پکڑی گئی اور پینالٹی واپس لے لی گئی۔

اس کے بعد ٹوئٹر میں نیمار کو بہترین اداکار قرار دیتے ہوئے متعدد اینیمیٹڈ تصاویر شیئر کی گئیں۔

سربیا کے خلاف میچ میں بھی نیمار کی ایک اور پرفارمنس نے سوشل میڈیا صارفین کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

میچ کے 32 ویں منٹ میں سربیا کے کھلاڑی کی جانب سے نیمار کو روکا گیا تو انہوں نے زمین پر بہت دور تک گھومتے چلے جانے کا ایسا مظاہرہ کیا کہ سب دنگ رہ گئے اور ریفری بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے کیونکہ نیمار کی ‘جاندار اداکاری’ پر سربیا کے کھلاڑی کو پیلا کارڈ دکھا دیا گیا تھا۔

ایسا ہی کچھ برازیلین کھلاڑی کی جانب سے گزشتہ روز میکسیکو کے خلاف پری کوارٹر فائنل میچ میں بھی دیکھنے میں آیا جب 71 ویں منٹ میں میکسیکن کھلاڑی میگوئل لیون نے نیمار کو سائیڈ لائن کے قریب گرایا۔

اس وقت جب نیمار گھاس پر لیٹے ہوئے تھے، میگوئل وہاں آئے اور گیند کو اٹھاتے ہوئے اپنا پاﺅں نیمار کے ٹخنے پر رکھ دیا۔

یقیناً یہ کوئی اچھا اقدام نہیں تھا مگر نیمار کے ردعمل نے ڈرامے کو ایک نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

وہ مچھلی کی طرح ٹرپتے رہے، مگر وہ کتنی بری طرح زخمی ہوئے؟ اتنی بری طرح کہ 15 منٹ بعد برق رفتاری سے دوڑتے ہوئے برازیل کے دوسرے گول کی راہ ہموار کی، جو کہ یقیناً میجک اسپرے کا ہی جادو ہوگا۔

اس واقعے کے بعد بھی نیمار کی اس طرح کی پرفارمنس پر ایک بار پھر ٹوئٹر پر برازیلین اسٹار کا مذاق اڑایا جانے لگا۔

اچھی بات یہ ہے کہ برازیل ابھی کم از کم ایک اور میچ کھیلے گی اور ہوسکتا ہے کہ نیمار کی اس طرح کی ‘کلاسک’ پرفارمنس کا مظاہرہ ایک بار پھر بیلجیئم کے خلاف میچ میں بھی دیکھنے کو ملے۔