|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2018

خضدار:  بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سربراہ و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38زہری کرخ مولہ و پی بی 39خضدار نال سے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ ماضی کے نمائندوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے غربت اور دیگر مسائل میں مزید اضافہ ہوا،جب تک عوام دوست و مخلص نمائندوں کا انتخاب نہیں کیا جائیگا حکومتی وسائل اور ترقیاتی فنڈز چند مخصوص افراد کی ذاتی ترقی تک محدود رہیں گے۔ 

اگر پچیس جولائی کو عوام نے ووٹ دیکر کامیابی سے ہمکنار کیا تو خوف کی فضا ختم کرکے ایسے ماحول کو پروان چڑھائیں گے جس میں امن و خوشحالی کا دور دورہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن مہم کے سلسلے میں تحصیل باغبانہ کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پربڑی تعداد میں لوگوں نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر بی این پی عوامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

میر اسراراللہ زہری بلوچ نے کہا کہ ماضی میں چند مخصوص لوگوں کو نواز کر عام لوگوں کو روزگار اور ترقی سے محروم رکھا گیا جس کے نتیجے میں مایوسی پھیل گئی اور لوگ بیزاریت کا شکار ہوئے۔ پچیس جولائی ایسے کرپٹ عناصر کی احتساب کا دن ہے عوام کو چاہےئے کہ وہ ووٹ کی طاقت سے اپنا انتقام لیں۔انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی نچلی سطح پر عام لوگوں کی ترقی اور ان کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لےئے جدوجہد کر رہی ہے۔ 

پچیس جولائی کو عوام نے اعتماد کا اظہار کرکے خدمت کا موقع دیا تو نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ تعلیم،صحت اور آبنوشی جیسے بنیادی ضروریات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیں گے۔ انہوں نے تحصیل باغبانہ کے عوام کے جوش و جزبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ باغبانہ کے عوام سے ان کا عزت و احترام کا رشتہ ہے انہیں خوشی ہے کہ باغبانہ نے ہر موقع پر ان کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زہری کرخ مولہ سے لیکر نال فیروز آباد اور خضدار تک عوام بی این پی عوامی کے ساتھ ہیں۔کارکنوں کی محنت اور عوامی حمایت سے انشاء اللہ پچیس جولائی کو مکران سے لیکر جھالاوان تک بی این پی عوامی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کارکنوں اور ہمدردوں کو ہدایت کی وہ الیکشن سرگرمیوں میں تیزی لاکر بی این پی عوامی کی امن ترقی و خوشحالی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ اس موقع پر رئیس غلام نبی شاہوزئی،میر سکندر عمرانی،علی احمد رحمینزئی و میر رجب علی بوبک سمیت دیگر ان کے ہمراہ تھے۔