خضدار: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان پی بی 39سے نامزد امیدوار نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ملک کو تجربہ گاہ بنانے سے مسائل حل نہیں ہونگے اور نہ ہی سیاست دانوں کو سزائیں دے کر کوئی اچھی روایت قائم کی جا رہی ہے ۔
ملک معاشی طو رپر خطرناک صورتحال صورتحال کی جانب بڑھ رہی ہے ،ملکی مسائل اور معیشت کی تباہی پر سیاسی قائدین کو ملکر سوچھنا ہوگا کہ ملک کو موجودہ صورتحال سے کس طرح نکالیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عید محمد ایڈووکیٹ ،میر عبدالرزاق زرکزئی ،سیف الرحمن زہری ،اور دیگر بھی موجود تھے مختلف سوالات کا جوا ب دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف احتساب عدالت کی جانب سے آنے والا فیصلہ تعجب خیز ہے۔
الیکشن کے موقع پر اس طرح کے فیصلے نے شکوک و شبہات کو مذید جنم دیا ہے ،اور صاف و شفاف الیکشن پر سوال اٹھائے جائیں گے ۔میاں محمد نواز شریف کی بے گناہی کے لئے یہ کیا کم ثبوت ہے کہ انہیں کرپشن کے اوپر سزا نہیں سنائی گئی، جو ملکیت ان کے بچوں کی ہے اس پر انہیں سزا دی گئی ، حالانکہ جب بچہ اٹھارہ سال کا ہو تو وہ خود مختار بن جاتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ میاں محمد نوازشریف اس قوم کا محسن ہیں ، انہوں نے ملک و قوم کی خدمت کی ہیں ، میاں محمد نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، موٹرویز بنائے گئے ، ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیاگیا ،میاں محمد نواز شریف نے سی پیک منصوبے کو تخلیق کیا، سب سے بڑھ کر اس ملک کوانہوں نے امن دیا آج پورے ملک میں امن و سکون ہے ،یہ سب میاں محمد نواز شریف کی حکومت کے مرہون منت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے خلاف اس طرح کا فیصلہ آنا نیک شگو ن نہیں ہے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھٹو کی پھانسی سے ملک کو نقصان ہوا ،بینظیر کی شہادت سے بھی ملک کو نقصان ہوا تجربات کی بنیاد پر اب میاں نواز شریف کو سزا سنائی گئی ہے ۔
اس طرح کے معاملات ملک کے لئے نیک شگون نہیں ہمیں ملک کی معیشت کی بحالی کے لئے سوچھنا ہو گا موجودہ صورتحال میں پاکستان کے تمام سیاسی قائدین کو مل بیٹھ کر سوچھنا ہو گا اگر آج سیاست دان مل بیٹھ کر نہیں سوچھیں گے تو اس کا نقصان خطرناک ہوگا کیونکہ ملک کی معیشت تقریباً تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے ۔
دریں اثناء زہری اپینل کے رہنماء میر محمد ایوب زرکزئی نے اپنی پینل سمیت نواب ثناء اللہ خان زہری کی حمایت کا اعلان کر دیا جبکہ بی این پی مینگل کلی سعید آباد نوغے کے رہنماوں میر عبدالطیف عمرانی ،رئیس خدا بخش عمرانی ،عبدالوحید عمرانی کی قیادت میں عبدالغفار اور محمد موسیٰ اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی این پی سے مستعفی ہو کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر نواب ثناء اللہ خان زہری ان کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوغے کے عوام سے میرا رشتہ دیرینہ ہے ان کی شمولیت سے پارٹی نوغے سمیت پورے ضلع میں منظم ہو گی ۔
نواز شریف ملک کے محسن ہیں عدالت کا فیصلہ تعجب خیز ہے ،ثناء اللہ زہری
وقتِ اشاعت : July 9 – 2018