|

وقتِ اشاعت :   July 10 – 2018

خضدار :  الیکشن 2018 ء ،بلوچستان کے چار حلقوں پر بھائی ایک دوسرے کے مد مقابل امیدوار ہونگے ،نواب رئیسانی ،نواب زہری ،نواب مری کا اپنے چھوٹے بھائیوں سے مقابلہ ہو گا ۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ پی بی 38 خضدار ون سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری پاکستان مسلم لیگ کے نامزد امیدوار ہے جبکہ اسی حلقے سے ان کے چھوٹے بھائی میر اسرار اللہ خان زہری بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) بھی ان کے مد مقابل امیدواروں میں شامل ہیں ۔

اسی طرح ،حلقہ پی بی 15 مستونگ سے چیف آف جھالاوان نواب محمد اسلم رئیسانی آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل امیدواروں میں ان کے چھوٹے بھائی نواب زادہ میر سیراج احمد رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کی ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔

اسی طرح حلقہ پی بی 9 کوہلو سے نواب چنگیز مری بلوچستان عوامی پارٹی کی ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل امیدواروں میں ان کے چھوٹے بھائی نواب زادہ گزین مری آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔

حلقہ بی پی 36 شہید سکندر آباد سے سینیٹر نواب زادہ میر نعمت اللہ خان زہری آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہا ہے جبکہ ان کے مد مقابل امیدواروں میں ان کے چھوٹے بھائی نواب زادہ میر ظفر اللہ خان زہری بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) کی پلیٹ فارم پر حصہ لے رہے ہیں