کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پشتونخوا کے ترجمان ،فرزند شہید بشیر بلور ،ہارون خان بلورکی شہادت کے المناک اور افسوسناک سانحہ کے برخلاف عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے زیراہتمام تین روزہ سوگ ، باچا خان مرکز میں پارٹی جھنڈا سرنگوں ،سیاہ پرچم آویزاں اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی جلسے ،ریلیاں نکالی گئیں ۔
پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ،صوبائی جنرل سیکرٹری نظام الدین کاکڑ، ضلعی صدرعبدالباری کاکڑکی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی باچا خان چوک پر احتجاجی جلسہ میں تبدیل ہوگئی احتجاج کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے اصغر خان اچکزئی ،نظام الدین کاکڑ، عبدالباری کاکڑ نے کہا کہ کچھ قوتوں کی خواہش ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کو میدان سے باہر رکھا جائے 2013ء کے انتخابات میں جو حالات پیدا کئے گئے تھے ۔
2018ء کے انتخابات میں وہی حالات دوبارہ دہرانے کی کوشش کی جارہی ہے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوں اور کارکنوں کو دیوار سے لگانے کے قطعاً اچھے نتائج برآمد نہیں ہوسکتے آزاد شفاف انتخابات سے متعلق کئے گئے بلند و بانگ دعوے اورسیکورٹی انتظامات کی قلعی کھل گئی ہے ۔
اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ سیکورٹی خدشات لاحق ہونے کے باوجود ہارون بلور سمیت بلور خاندان اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے سیکورٹی واپس لینا سمجھ سے بالاتر ہے صاف صاف بتایا جائے کہ اے این پی کیلئے جمہوری پرامن ماہول میں کوئی جگہ نہیں جبکہ دوسری جانب منظور نظر افراد اورپارٹیوں کیلئے نرم گوشہ اور Spaceدیا جارہا ہے بلوچستان میں ماں ، باپ اور ’’پشتونخؤا میں لاڈلا خان‘‘ کو نوازنا صاف و شفاف انتخابات پر سیاہ دھبہ ثابت ہوگا ۔
مقررین نے کہا کہ بلور خاندان شہدا کا خاندان ہے اپنے بہادر باپ کی طرح ہارون بلور نے بھی انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف علم بلند رکھا غم کی اس گھڑی میں عوامی نیشنل پارٹی بلور خاندان ،پارٹی قیادت اور 21دیگر شہدا کے لواحقین سے اظہار رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔ علاوہ ازیں ضلع قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ ، ضلع لورالائی ، ضلع ہرنائی ، زیارت ، سبی ، دکی ، ضلع موسیٰ خیل میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں
کوئٹہ،سانحہ پشاور کے خلاف اے این پی کے زیر اہتمام مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے
وقتِ اشاعت : July 12 – 2018