چمن : سرحدی شہر چمن میں مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق جمعہ کے روز چمن کے مال روڈ پر زور دار دھماکا ہوا جس سے قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں موجود 10 دکانوں کو بھی نقصان نقصان پہنچا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ دکان کے سامنے کھڑی ایک موٹرسائیکل میں دھماکہ ہوا جو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔پولیس کیمطابق دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دھماکے سے فورسز کی گاڑی کو نقصان پہنچا، عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،جبکہ جمعہ کے روز اے این پی کا چمن میں ماڈل ہائی اسکول گراؤنڈ ہونیوالا جلسہ انتظامیہ نے سیکیورٹی کے حوالے سے منسوخ کردیا تھا ،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی علاقے سے گزر رہی تھی۔
دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر سیل کردیا گیا ہے اور اعلیٰ حکام بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے ایک گھنٹہ قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی تھی۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تین روز قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا جس کے باعث پولیس اور ایف سی کی نفری نے گشت میں اضافہ کردیا ۔
چمن میں 4 جی انٹرنیٹ سروسز 31 جولائی تک بندرہے گی جبکہ دوسری جانب ضلع میں انتخابات کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جس کے تحت ضلع بھر میں 4 جی انٹرنیٹ سروسز معطل کردی گئی ہیں۔
ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق انٹرنیٹ سروسز 31 جولائی تک معطل رہے گی، تمام موبائل فون کمپنیز کی انٹرنیٹ سروسز معطل رہیگی تاہم پی ٹی سی ایل کی انٹر نیٹ ڈی ایس ایل سروس بحال رہے گی۔
چمن فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ ، 4افراد زخمی
وقتِ اشاعت : July 20 – 2018