خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38زہری،کرخ ،مولہ و پی بی39 خضدار نال سے پارٹی کے نامزد امیدوارمیر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ مخالفین منفی پروپیگنڈہ کا سہارا لینے کی بجائے پچیس جولائی کو مقابلے کے لےئے تیار رہیں۔
دھونس،دھمکی کے ذریعے بی این پی عوامی کی حمایت کم کی جاسکتی ہے اور نہ ہی لالچ دیکر کسی کی ضمیر کو خریدا جاسکتا ہے۔پی بی 38اور پی بی39سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ حتمی ہے اس حوالے سے پروپیگنڈہ بند ہونا چاہےئے۔عوام کی حمایت سے تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن مہم کے سلسلے میں تحصیل مولہ کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دھائیوں سے عوام استحصال اور پسماندگی کا شکار ہیں۔اربوں روپے کی ترقیاتی فنڈز منظور ہونے کے باوجود عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔عوام کو پسماندہ رکھنے والوں کااحتساب ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کی مقبولیت کے بعد مخالفین منفی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں لیکن ان پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ منفی پروپیگنڈہ اور دھونس دھمکی کے ذریعے بی این پی عوامی کی کامیابی کو نہیں روکا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ وہ عوامی خواہش پر زہری کرخ اور خضدار نال کے دونوں حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے رہیں یہ بات واضح ہونی چاہےئے کہ بی این پی عوامی کا ان دونوں حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ حتمی ہے اور عوام کو اس حوالے سے کسی پروپیگنڈہ کا شکار نہیں ہونا چاہےئے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان میں ناکامی کے بعد اب لالچ کے ذریعے عوام کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ضمیر کے سودا گروں کو اس میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ پچیس جولائی کو گھروں سے نکل کر ووٹ کی طاقت سے خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھیں۔
مخالفین منفی پروپیگنڈہ کا سہارا لینے کی بجائے پچیس جولائی کو مقابلے کے لےئے تیار رہیں،اسرارزہری
وقتِ اشاعت : July 22 – 2018