خضدار : پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے 269 کے نامزد امیدوار میر شفیق الرحمن ساسولی حلقہ این اے 269 سے بی این پی اور ایم ایم اے کے مشترکہ امیدوار سردار اختر جان مینگل کے حق میں دستبردار ہونے کے ساتھ اپنے ساتھیوں سمیت بلوچستان نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
بی این پی واحد جماعت ہے جو بلوچستان کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے وفاقی پارٹیاں بلوچستان والوں کی بات نہیں سنتے بی این پی کے سربراہ سردارا ختر جان مینگل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف صوبائی رہنماء و حلقہ این اے 269 سے تحریک انصاف کے نامز د امیدوار میر شفیق الرحمن ساسولی( مینگل کوٹ وڈھ) میں بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل،مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری چیئرمین لعل جان بلوچ،مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر عزیز بلوچ،ضلع صدر آغا سلطان ابراہیم خان احمد زئی، چیئرمین عبدالواحد بلوچ،کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھ رہے تھے کہ تحریک انصاف کی قیادت فیڈریشن کی سیاست کرنے والی دوسری جماعتوں سے مختلف ہو گی مگر ہم غلطی پر تھے ۔
ہم سے بلوچستان کے مسئلے پر ہمیشہ رائے لی جاتی تھی ہم انہیں رائے دیتے تھے کافی مباحثہ بھی ہوتا رہا ہمیں یقین دلایا گیا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کو انتخابی منشور کا حصہ بنائیں گے مگر افسوس پاکستان تحریک انصاف کی قیادت جو انصاف کی بات کرتے ہیں مگر بلوچستان کے ساتھ انہوں نے بھی ناانصا فی کی اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کے مسائل کو صرف بلوچستان کی ہی قیادت اجاگر کر سکتی ہے مختلف قو م پرست جماعتوں کا جائزہ لیا ۔
واحد قوم پرست پارٹی بی این پی تھی جس پر ہم متفق ہو گئے اس لئے آج میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ نہ صرف حلقہ این اے 269 سے بی این پی اور ایم ایم اے کے مشترکہ امیدوار سردار اختر جان مینگل کے حق میں دستبردار ہوتا ہوں بلکہ اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف سے مستعفی ہو کر بلوچستان نیشنل پارٹی میں شمولیت کا بھی اعلان کرتا ھوں ۔
اس موقع پر سردار اختر جان مینگل نے ان کی شمولیتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کی پارٹیاں ہمیشہ بلوچستان کو نظر انداز کرتی رہی ہیں
نوجوانوں کا رخ بی این پی کی جانب ہے میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ بی این پی ان کو مایوس نہیں کرے گی شمولیت اختیار کرنے والوں میں پاکستا ن تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری عزیز الرحمن ساسولی ،عمران عالیزئی ،صبغت اللہ ساسولی ،نصیب اللہ عالیزئی ،انیس الرحمن ساسولی اور تنویر احمد ساسولی ودیگر شامل ہیں