|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2018

کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور حلقہ پی بی 23سے منتخب امیدوار اصغرخان اچکزئی نے کہاہے کہ عوام کی بلاامتیا زخدمت اور ان سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے ہرممکن کوشش کی جائیگی بلکہ زئی اور خیلی کی بنیاد پر پائے جانے والے تضادات اور نفرتوں کا خاتمہ کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پشتون قبائلی جرگہ کے رہنماؤں اور سیاسی شخصیات اور مبارکباد کیلئے آنیو الے ورکرز سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

گزشتہ روز چمن شہداء ہاؤس مردہ کاریز میں پشتون قبائلی جرگہ کے رہنماء حاجی خدائے میر خان ملیزئی ،حاجی بہرام خان اچکزئی ،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے حاجی وارث خان صالح زئی ،حاجی خیر محمد،حافظ امان اللہ ،حاجی ظاہر ملیزئی ،گل باران افغان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ،علماء کرام ،قبائلی شخصیات اور عوامی نیشنل پارٹی کے ورکرز کی بڑی تعداد نے عوامی نیشنل پارٹی کے حلقہ پی بی 23سے کامیاب ۔

امیدوار اصغرخان اچکزئی کو مبارکباد دی اورکہاکہ وہ حلقے میں ہونیو الے انتخابات کے نتیجے سے مطمئن ہیں انہیں خوشی ہے کہ طویل عرصے بعد چمن سے تعلق رکھنے والا حقیقی نمائندہ ہی عام انتخابات میں کامیاب ہواہے ۔

اس سے قبل باہر کے لوگ حلقے سے برسراقتدار رہے اور انہوں نے حلقے کے مسائل کو نظرانداز کئے رکھا ،اصغرخان کی صورت میں حلقے اور چمن کی اولس کو ایک بہترین نمائندہ ملاہے بلکہ ہم انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اقتدار سے قبل جس جوش اور جذبے سے اولس کی خدمت کررہے تھے۔

اسی جذبے کے ساتھ وہ اب بھی اولس کی خدمت کو جاری وساری رکھیں گے بلکہ وہ پارلیمان میں بھی اپنا بھرپور کرداراداکرتے رہیں گے ۔ان کا سیاسی وقبائلی کردارہم سب کے سامنے ہیں ،اس موقع پر اصغرخان اچکزئی نے مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ وہ وطن اور علاقے کی عوام کی بلاامتیاز خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے بلکہ اولس سے کئے گئے وعدوں اور دعوؤں پر عملدرآمد کیلئے بھی ان کی جدوجہد جاری رہے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد مختلف ناموں پر اولس میں پائی جانے والی نفرتوں اور زئی وخیلی کے تضادات کا خاتمہ ہیں ،میں انتخابی مہم کے دورا ن ہم کاری کرنے والوں اور دیگر سب کو برابر سمجھتاہوں اور ان کی خدمت اور مسائل کا حل میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ،انہوں نے حلقے کے عوام کا بھرپورانداز میں سپورٹ کرنے پر شکریہ اداکیا اور امید ظاہرکہ ان کا بھرپور تعاون اب بھی انہیں حاصل رہے گا۔