سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کے حملے میں میجر سمیت 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان بھی شہید ہوگئے۔
ضلع بانڈی پورہ کے علاقے گوریز میں بھارتی فوج گشت میں مصروف تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگاکر اس پر حملہ کردیا۔ فائرنگ سے 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جن میں ایک میجر بھی شامل ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھارتی فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ آپریشن کے دوران قابض فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا۔
حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یسین ملک نے مشترکہ بیان میں میں آئین کے آرٹیکل 35 اے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی سازش کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی آئین کے تحت مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو زمینیں خریدنے کی اجازت نہیں تاہم بھارتی حکومت نے آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
عدالت کی جانب سے بھارتی حکومت کی درخواست منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے تنیجے میں بھارتی حکومت اسرائیل میں یہودی بستیوں کی طرز پر ملک بھر سے ہندوؤں کو لاکر مقبوضہ کشمیر میں آباد کرے گی اور مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کردیا جائے گا۔