کوئٹہ: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان میں ٹیکس وصول کرنے کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچانے کے لئے نیب بلوچستان نے سفارشات کو حتمی شکل دے دی جس کے تحت محکمے میں جدید آن لائن سسٹم کے تحت ٹیکس وصول کیا جائیگا۔
اس آن لائن سسٹم کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان مرز ا محمد عرفان بیگ کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ٹیکسزجمع کرنے کے مروجہ طریقہ کا ر اور قوانین میں پائے جانے والے نقائص کو دور کرنے کے لئے تشکیل دی گئی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
سیکرٹری محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، ایڈیشنل سیکرٹری قانون ، خزانہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی نیب بلوچستان کو بتایا گیا کہ کمیٹی نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ٹیکس جمع کرنے کے نظام اور قوانین کا دور بینی سے جائزہ لیا تو کئی ایسے نقائص سامنے آئے جن کی وجہ سے ہر سال کروڑوں روپے کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں۔
کمیٹی نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کے ساتھ مسلسل رابطوں اور سیر حاصل بحث کے بعد ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات تیار کر لی ہیں جن کے لاگو ہونے سے نہ صرف قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے بلکہ ان نقائص سے فائدہ اْٹھانے والے کرپٹ عناصر کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
ڈی جی نیب بلوچستان نے ان سفارشات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اْمید ظاہر کی کہ سفارشات پر عمل در آمد سے کرپشن کا راستہ بند ہو جائیگا۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کی ان نقائص کے خاتمے اور نظام کی بہتری کے لئے تعاون کی تعریف کی اور کہا قومی احتساب بیورو این اے او 1999 کے تحت سرکاری محکموں کے قوانین میں بہتری کے لئے اپنی سفارشات مرتب کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا نیب بلوچستان نے محکمہ کھیل، خزانہ سمیت مختلف صوبائی محکموں کے قوانین میں پائے جانے والے ابہام اور نقائص دور کرنے کے لئے اصلاحاتی کمیٹیاں تشکیل دی ہے جو کرپشن کے خاتمے اور اصلاح کے لئے تندہی سے کام کر رہی ہیں۔
واضح رہے نیب بلوچستان نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے گاڑیوں کے چالان فارمز ، جعلی نمبر پلیٹوں اور گاڑیوں کے صوبائی اور وفاقی ٹیکسز کی مد میں چوری کا نوٹس لیتے ہوئے دو الگ ریفرنسز بھی دائر کئے ہیں۔
ٹیکس نظام میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے نیب نے سفارشات مرتب کرلیں
وقتِ اشاعت : August 9 – 2018