|

وقتِ اشاعت :   August 9 – 2018

 پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس ژوب کی کمیشننگ کی تقریبکا انعقاد آج کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں ہوا، تقریب کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے چیف آف اسٹاف (پرسنیل)وائس ایڈمرل عبدالعلیم تھے۔

600 ٹن وزنی یہ میری ٹائم پٹرول ویسل چین کے کلاسیفیکیشن سوسائٹی کے قوانین کے مطابق تیار کی گئی ہے۔ اس جہاز کی لمبائی68.5 میٹر، بیم8.7 میٹر اور رفتار27 ناٹس ہے۔

مہمان خصوصی وائس ایڈمرل عبدالعلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل پاک چین دوستی کا ایک اہم سنگ میل اور دونوں ممالک کے مابین گہرے سفارتی اور دفاعی تعلقات کی علامت ہے۔

یہ جہاز نہ صرف پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کا باعث ہو گا بلکہ ملکی بحری حدود کے تحفظ اور پاکستان کے سمندری علاقے اور خصوصی اقتصادی زون میں موجود قدرتی وسائل کی حفاظت یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے حصول میں بھی اس جہاز کا اہم کردار ہے۔

قبل ازیں مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس ، رئیر ایڈمرل اطہر سلیم نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ یہ پراجیکٹ حکومت پاکستا ن کے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس پر اعتماد کا مظہر ہے، ا

نہوں نے مزید کہا کہ پی ایم ایس ایس ژوب کی تعمیر سے ہماری جنگی جہاز تعمیر کرنے کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو ا ہے۔

رئیر ایڈمرل اطہر سلیم کا کہنا تھا کہ کراچی شپ یارڈ حکومت پاکستان، وزارت دفاعی پیداوار، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور بالخصوص پا ک بحریہ کے تعاون اور اعتماد کے لئے مشکور ہے ۔

اس جہازکے ڈیلیوری پروٹوکول پر پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے نمائندوں نے دستخط کےے جس کے بعد جہاز میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا۔

کمیشننگ کی تقریب میں اعلیٰ حکومتی عہدیداران، پا ک بحریہ ، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس اور کارپوریٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔