کراچی: قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کے جہاز میں رقص کرنے والی غیر ملکی خاتون کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی جس میں سبز لباس میں ملبوس غیر ملکی خاتون پاکستان کا قومی پرچم لپیٹ کر پی آئی اے کے طیارے میں مشہور زمانہ ’’کی کی چیلنج‘‘ پر رقص کررہی تھیں۔ اس ویڈیو پر تنازع کھڑا ہوگیا۔ کسی نے اسے قومی پرچم کی توہین کہا تو کسی نے کہا کہ یہ خاتون پاکستان سے محبت کرتی ہیں جس پر ان کی قدر کرنی چاہیے اور اس معاملے میں قومی پرچم کی توہین نہیں ہوئی۔
اس تنازع سے ہٹ کر اگر بات کریں تو ان خاتون ایوا زوبک نے پاکستان کے تعارف پر مبنی ویڈیو جاری کی ہے جس میں دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا گیا ہے۔ ایوا زوبک پولینڈ اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والی سیاح ہیں جو دنیا گھومنے پھرنے اور سیاحت کی شوقین ہیں۔
3 ماہ قبل انہوں نے پاکستان کا رخ کیا تو یہاں کے بارے میں ان کی عمومی رائے بدل گئی اور یہ ملک انہیں اتنا پسند آیا ہے کہ ان کا مختصر سا قیام طویل ہوگیا ہے۔ 10 مئی کو ایکسپریس ٹریبیون میں لکھے گئے اپنے مضمون میں ایوا نے کہا کہ پاکستان آنے سے قبل انہوں نے یہاں کے بارے میں جو کچھ سنا وہ سب غلط ثابت ہوا۔
اب سے پہلے شاید کم لوگ ان کے بارے میں جانتے تھے، تاہم گزشتہ روز ایوا کی پی آئی اے کے طیارے اور رن وے پر رقص کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس پر نیب نے پاکستان کے قومی پرچم کی توہین کے الزام میں واقعے کا نوٹس لیا اور یوں ایوا خبروں کی زینت بن گئیں، جس کے ساتھ ساتھ انہیں خوب شہرت بھی ملی۔
ایوا نے 14 اگست کو پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے یہاں اپنے قیام کی وجوہات بیان کیں۔ اس ویڈیو کو ایک غیر ملکی خاتون سیاح کی نظر میں پاکستان کا تعارف بھی کہا جاسکتا ہے۔
دنیا سے پاکستان کا تعارف کراتے ہوئے ایوا کہتی ہیں کہ پاکستانی جگاڑ میں بہت ماہر ہوتے ہیں اور محدود وسائل میں کسی بھی مسئلے کا حل نکالنا جانتے ہیں۔ پھر وہ پاکستان کی خوبصورتی اور فطری مناظر کی تعریف کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چٹیل صحرا، بلند و بالا پہاڑ، گنگناتے دریا، سنگلاخ چٹانیں، خوبصورت ساحل، دلکش وادیاں، ہرے بھرے جنگلات، ٹھنڈے ٹھار آبشار سب کچھ ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ خوبصورت نظارے دنیا بھر میں آپ کو دیکھنے کو ملیں گے لیکن پاکستان کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ایک ہی دلکش ملک میں آپ کو ساری جگہیں اور نظارے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ ایوا نے اس سے قبل پاکستان کے مختلف مقامات کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئرز کی ہیں۔ جن میں گلگت بلتستان کے ایک لکڑی کے کارخانے کا تعارف بھی ہے جہاں صرف خواتین کام کرتی ہیں۔
کبھی وہ کراچی میں برنس روڈ کی گلیوں میں سیخ کباب کھاتی نظر آتی ہیں تو کبھی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیر کررہی ہیں۔ ایوا کہتی ہیں کہ پاکستان قوم مہمان نواز اور کھلے دل کی مالک ہے۔ کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں پاکستان میں میرا سب سے زیادہ گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔ پاکستانی خود بھی مسکراتے ہیں اور میرے لبوں پر بھی مسکراہٹ بکھیر دیتے ہیں۔