اسلام آباد:پاک بحریہ کے لئے تیار کئے جانے والے دوسرے آف شور پٹرول ویسل کی سٹیل کٹنگ کی تقریب ڈامن شپ یارڈگلاٹی رومانیہ میں منعقد ہوئی۔
رومانیہ میں تعینات پاکستان کے سفیر عزت مآب جناب صفدر حیات تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) ریئرایڈمرل فیصل رسول لودھی، وزارتِ دفاعی پیداوار کے نمائندگان اور نیول ہیڈ کوارٹرز کے اعلیٰ آفیسرز بھی تقریب میں موجود تھے۔
سٹیل کٹنگ کی تقریب میں ڈامن شپ یارڈ، ہالینڈ کے گورنچم اوررومانیہ کے گلاٹی شپ یارڈ ز کی اعلیٰ انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔
پاک بحریہ کے لئے دو جدیدکثیر المقاصد آف شور پٹرول ویسلز کی تیاری کا معاہدہ سال 2017میں پاکستان کی وزارتِ دفاعی پیداوار اور ہالینڈ کی فرم ڈامن کے مابین طے پایا۔
یہ آف شور پٹرول ویسلز پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے زمانہ امن وجنگ میں کئے جانے والے آپریشنز کی استعداد میں اضافے کا باعث ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہاکہ 14اگست کا دن پاکستان کے لئے نہایت اہم اور تاریخی دن ہے کہ اس دن ہم پاکستان کی آزادی کی 71سالہ تقریبات منارہے ہیں۔
اس اہم ترین دن کے موقع پر آف شور پٹرول ویسل کی سٹیل کٹنگ کی تقریب نے قوم کی خوشیوں کو مزید دوبالا کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ میں شمولیت کے بعد یہ دونو ں آف شور پٹرول ویسلز پاک بحریہ کی جانب سے خود مختارانہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے حالیہ اقدام میں مزید مضبوطی کا باعث ہو ں گے جس کا مقصد بحرِ ہند میں قومی اور بین الاقوامی جہاز رانی کو میری ٹائم دہشت گردی ، بحری قزاقی، منشیات، اسلحہ او ر انسانی سمگلنگ جیسے خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔