کوئٹہ+ اندرون بلوچستان : ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی پاکستان کا 53واں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے تحت منایا گیا۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں پاک فوج، ایف سی، پولیس اور لیویز سمیت ملک کے دفاع کی خاطر جانیں قربان کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقاریب اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ کوئٹہ میں مرکزی تقریب چھاؤنی میں منعقد کی گئی ۔
جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔شہداء کے لواحقین کے اعزاز میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
مستونگ میں نوابزادہ سراج رئیسانی کی قبر پر آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم نے پرچم کشائی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ تقاریب اور ریلیوں میں ملک کی خاطر شہید ہونیوالے قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور شہریوں کو خراج پیش کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے عہد کی تجدید نو کی گئی۔
جمعرات کو کوئٹہ چھاؤنی میں پاک فوج کے زیر اہتمام افواج پاکستان، ایف سی ، لیویز اور پولیس کے شہداء کی یاد گار پر وزیراعلیٰ جام کمال اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی ۔اس موقع پر وطن کے لئے جان قربان کرنے والے شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔
تقریب میں صوبائی وزراء نصیب اللہ مری، میر ظہور بلیدی، میر عارف جان محمد حسنی ،نور محمد دمڑ ،انجینئر زمر ک خان اچکزئی ،رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ گہرام بگٹی ،آئی جی ایف سی (نارتھ ) میجر جنرل ندیم احمد انجم،آئی جی ایف سی (ساؤتھ)میجر جنرل طارق امان، آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ،ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس سمیت دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی موجود تھے ۔
یوم دفاع کے حوالے سے پی اے ایف بیس سمنگلی میں بھی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال تھے۔ صوبائی وزراء زمرک خان اچکزئی، میر ظہور بلیدی، میر سلیم کھوسہ، ایئر فورس کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران اور جوانوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد خاص طورسے بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ 1965کی جنگ میں پاک فضائیہ نے دشمن کو بے پناہ نقصان پہنچایا اور اسے پسپائی پر مجبور ہونا پڑا۔ راشد منہاس سمیت پاک فضائیہ کے دیگر شہداء نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔تقریب سے بیس کمانڈر ایئر کموڈور شکیل غضنفر نے بھی خطاب کیا جبکہ اسکولوں کے بچوں نے ٹیبلو پیش کئے، بعدازاں پاک فضائیہ کے جنگی جہازوں نے شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا، مظاہرے میں ایف 16،پی ایف 7 اور جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے حصہ لیا۔
کوئٹہ ہی میں یوم دفاع پر مختلف کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانیوالے کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم کی تقریب ایوب اسٹیڈیم میں ہوئی۔ جبکہ ہزارہ قبرستان میں شہداء کی قبروں پر اراکین صوبائی اسمبلی گہرام بگٹی، عبدالخالق ہزارہ اورکمانڈنٹ غذہ بند سکاؤٹس کرنل رب نواز نے شہداء کے قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائے اورایف سی کے چاک وچوبند ایف سی دستے نے سلامی پیش کی۔
صحبت پور میں بھی یوم دفاع شہدا نہایت عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ایف سی 67ونگ کے کرنل محمد آصف نے شہدا کے مزاروں پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ایف سی سبی سکاوٗٹ 67ونگ کے دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی اور شہدا کے درجات بلند کرنے کیلئے دعائیں مانگیں اس موقع پر شہدا کے ورثا نے بھی شرکت کی۔کرنل محمد آصف نے شہدا کے گھروں میں جاکر ان کے بچوں اور ورثا سے ملے ان کے مسائل سنے اورانھیں حوصلہ دیا۔
ان میں راشن ،کپڑے ودیگر تحفے تحائف دیئے۔انھوں نے یوم دفاع شہدا کے حوالے سے کہا کہ6ستمبر کے شہدا نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں ومہارت جذبہ ایثار وقربانی اور وطن سے محبت کی حیرت ناک داستانیں رقم کیں۔شہدا اور غازیوں کی قربانیاں تابناک پاکستان کی ضامن ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ6ستمبردشمن کو منہ توڑ جواب کا مظہر اور دلیل ہے۔شہدا کی گراں قدر قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گئیں۔بلوچستان کے سرحدی شہر چمن ضلع قلعہ عبداللہ چمن میں بھی یوم دفاعِ پاکستان کو یوم شہدا کے طور پر منایا گیا صبح کے آغاز کے ساتھ ہی پاک فوج کے اعلیٰ آفیسران کی جانب سے شہدا کے قبروں پر حاضری کا سلسلہ شروع ہوا۔
جس میں سب سے پہلے گلستان میں شہید میجر جلال الدین ترین کے قبر پر کمانڈنٹ کرنل محمد عثمان کرنل خرم ودیگر اعلیٰ آفیسران نے حاضری دی اور شہداء کے قبروں پر پھول چڑھائے اور ان کے گھر پر جاکر فاتحہ خوانی کی چمن میں ایف سی ،پولیس اور لیویزکے شہید اہلکاروں کے قبروں پر حاضری دی گئی ۔
جس میں سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ آفیسران کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اورسیاسی وقبائلی معتبرین بھی شامل تھے سب سے پہلے ایف سی سپاہی محمد عمر شہید کے آخر ی آرام گاہ پر جاکر پھول چڑھائے اور سلامی دی جس کے بعد ایف سی آفیسران نے عمر شہید کے گھرجاکر فاتحہ خوانی کی جس کے بعد پولیس لیویزشہداء کے گھروں ،سفر محمد شہید ،جمعہ خان شہید،کے ساتھ ساتھ ایڈووکیٹ عسکر خان شہید،ایڈووکیٹ ایمل خان شہیداور دیگرشہیداء کے گھر میں بھی جاکر ان کے بچوں اور فیملی کے ساتھ اظہار تعزیت کی جبکہ فرنٹیئر کور ایف سی ہیڈکوارٹر میں یادگاری کے شہداء پر پھول چڑھائے ۔
تقریب میں موجود قبائلی عمائدین ،اسکول طلباء ،ضلعی آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمانڈنٹ کرنل عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے جن شہداء نے ملک کیلئے جانیں قربان کی ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا یہ ہمارے قوم کے بیٹے ہیں جو ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہے گے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ ملک کی خاطر جان قربان کرنے والوں کے نام ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھے جاتے ہیں اور ہم سب کو بھی چاہے کہ ملک کیلئے کسی بھی صورت میں قربانی سے دریغ نہ کریں اور ایک آزاد ملک میں جو ہم سانس لے رہے ہیں اس کیلئے شہداء کی قربانیاں کبھی نہ بھولنے والے ہوگی ۔
ایف سی مچھ کے لیفٹیننٹ کرنل اجمل خان نے ایف سی مچھ کے زیر اہتمام شہدا کی قبروں پر حاضری سلامی اور ان کی قبروں پر پھول چڑھاے گئے اور شہیدا کے لواحقین اور ورثاء کے گھرو ں میں گئے ان کے بچو ں کو راشن اور تحائف دیے تفصیلات کے طابق ایف سی مچھ کے زیر اہتمام لیفٹیننٹ کرنل اجمل خان نے ایف سی کے چاق و چوبند دستے کے ہمراہ شہید ممتاز اور غلام رسول کی قبروں پر پھول چڑھاے اور انہیں ایف سی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی دی اور فاتحہ خوانی بھی پڑھی ۔
بعد ازاں شہید ممتاز اور شہید غلام رسول کے گھر گئے جہاں ان کے ورثاء اور بچوں کو تحائف اور راشن وغیرہ فراہم کیا اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزارہ انہوں نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید عظیم مقصد کے لئے اپنی جان قربان کی پاک فوج کے شہیدا نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جان کے نزرانے پیش کر کے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے ہم شہیدا کے وارث ہیں سپاہی کی سب سے عظیم اور بڑی خواہش وطن عزیز کی خاطر جام شہادت نوش کرنے کی ہوتی ہے ۔
ایف سی سبی کی جانب سے کمانڈنٹ سبی سکاوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ،ڈپٹی کمشنر سبی امیر فضل اویسی ،144ونگ کے کرنل ضیاء اور میجر جاوید نے بیدار بابا قبرستان اور حاجی حنبل قبرستان میں شہید تحصیلدار غلام قادر رند،شہید ولی محمدکھوسہ ا ورشہید سائینداکے قبر وں پر پھول چڑھائے گئے ور ایف سی کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی اور شہداء کے روح کے ایصال ثواب اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی امیر فضل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 06ستمبر کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے ہماری بہادر اور دلیر افواج نے ایک طاقتور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور اسے شکست سے دوچار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وطن عزیز کے دفاع اور سالمیت کے لیے اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑئے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر پاکستانی قوم کو نئی زندگی دی ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے جبکہ ہمارئے ازلی دشمن بھارت کے خلاف آج بھی پاک افواج کے جوانوں میں وہی 1965کا جذبہ قائم و دائم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے آج ہم ترقی کے ایک نئے باب سے گزر رہے ہیں گو کہ ترقی کے اس باب تک پہنچنے کا سفر کتنا ہی طویل اور کٹھن تھا انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشین ٹائیگر ہے جو تاقیامت سلامت رہے گا جس کی بقاء کی خاطر ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کی خاطر ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
آرٹلری 33برگئیڈ سبی میں یوم دفاع کی تقریب منائی گئی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سبی ڈویژن ایاز مندوخیل تھے ،تقریب میں برگیڈئر آرٹلری33سبی اویس ،34رجمنٹ کے کرنل آصف رانا،کمانڈنٹ سبی سکاوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ ، ڈپٹی کمشنر امیر فضل اویسی ،ایس ایس پی سبی، ضلع چیئرمین ملک قائم الدین دہپال،اسٹنٹ کمشنر نجیب اللہ قمبرانی ،ڈویژنل ڈائریکٹر ترقیات راجہ وقار الزمان کیانی ،چیف آف خجک سردار محمد خان خجک ،میجر معاویہ ،میجر عامر،کرنل ضیاء ،میجر جاوید، چیف آفیسر حاجی عزیز احمدرند،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی میر عبدالستار لانگو،سمیت دیگر سول و فوجی آفیسران نے شرکت کی ۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سبی ڈویژن ایاز مندوخیل،، آرٹلری33سبی بریگیڈیراویس اورایس ایس پی نے 06ستمبر کے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے جبکہ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی، تقریب میں اسکولوں کی طلباء و طالبات نے ملی نغمے ،ٹیبلو پیش کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
اس موقع پر کمشنر سبی ڈویژن ایاز مندوخیل نے اسکولوں کی طلباء و طالبات نے ملی نغمے ،ٹیبلو پیش کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ اس موقع پر کمشنر سبی ڈویژن اور برگیڈئر آرٹلری33سبی اویس نے پاک فوج کے تین جوانوں کو ترقی کے رینک بھی لگائے جبکہ سبی سکاوٹس ایف سی سبی کی جانب سے ایف سی پبلک سکول سبی میںیوم دفاع کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی اور شہداوں کو خراج تحسین پیش کیااور شہر کے مختلف مقامات پر یوم دفاع کے سلسلے میں تقریبات کا سلسلہ دن بھر جاری رہے ۔
اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سبی ڈویژن ایاز مندوخیل تھے ،تقریب میں برگیڈئر آرٹلری33سبی اویس ،کمانڈنٹ سبی سکاوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ ، سمیت دیگر سول و فوجی آفیسران نے شرکت کی۔
،تقریب سے مہمان خصوصی کمشنر سبی ڈویژن ایاز مندوخیل نے کہا کہ 06ستمبر کادن ہمارئے دفاع کا ایک عظیم دن ہے اس دن ہماری پاک افواج کے جوانوں نے ملک کا ناقابل تسخیر دفاع کرتے ہوئے دشمن ملک کے عزائم کوخاک میں ملایا،انہوں نے کہاکہ 1947سے لیکر آج 06ستمبر تک ہر چڑھتا ہوا دن شہداء کی قربانیوں کے مرہون منت ہے ۔
کشمیر کی جنگ یا 1965اور 1971کی جنگ کے شہداؤں یا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے یہ پرامن اجالے ،یہ پرسکون راتیں ان کی عظیم قربانیوں کے باعث نصیب ہوئی ۔
کوہلو میں بھی یوم دفاع کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،مرکزی تقریب ایف سی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں ونگ کمانڈر کرنل فیصل فاروق نے شہدا پاکستان کے یادگار پرآئی جی ایف سی (نارتھ) کی جانب سے پھولوں کا چادر چڑھایا گیا اور سلامی بھی دی گئی اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا؛جبکہ ایف سی میوند رائفلز کی جانب سے شہدا کے قبروں پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔
اور آئی جی ایف سی )نارتھ(کی جانب سے پھول چڑھائے گئے ونگ کمانڈر کرنل فیصل فاروق اور شہدا کے ورثا نے شہدا کے قبروں پر پھول چھڑھائے گئے اور ایف سی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ،جبکہ یوتھ یورم کی جانب سے بھی شہدا وطن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یوتھ آفس میں قرآن خانی کی گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔
بعد میں صدر مصری خان مری سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شہدا کے قبروں پر حاضری دی اور ورثاء کے ہمراہ شہدا کے قبروں پر چادر چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی یوتھ فورم شہدا کے ورثا سے ملے اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر صدر مصری خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ملک کی دفاع کے لئے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔یوتھ فورم نے شام چھ بجے ٹریفک چوک پر شہدا کے یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں شمعیں بھی روشن کئے گئے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
ادھر وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی عمر فاروق زرکون کی جانب سے میونسپل آفس مین شہدا کے یاد میں شمعیں روشن کی گئی جس مین سرکاری آفیسران اور سول سوسائتی نے کثیر تعداد مین شرکت کی۔
نوشکی ایف سی ہیڈ کواٹر میں شہدا کے یاد گار پر پھول چڑھائے گئے کمانڈنٹ نوشکی ملیشیا کرنل اظہر علی شیراز نے شہدا کی یاد گار پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی جس کے بعد لیفٹیننٹ صفی اللہ شہید کے مقبرے پر حاضری دی گئی اور پھول چڑھائے اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے اس عہد کی تجدید کرنی چاہیئے کہ ہم اپنے عظیم شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ۔
اپنے پیارے وطن کے تحفظ و سالمیت اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،انہوں نے کہاکہ ہمیں تعلیم حاصل کرکے دشمن کا مقابلہ کرنا ہے کمانڈنٹ ایف سی نے شہید ہونے والے پولیس سپاہیوں کے مقبروں پر پھول چڑھائے اور لفٹننٹ صفی اللہ شہید کے گھر جا کر ان کے خاندان سے ملیں ۔
اس موقع پر ونگ کمانڈر 110 ونگ کرنل ہمایوں خلیل جرال،اسسٹنٹ کمشنر غلام جان مینگل،ڈسٹرکٹ چیئرمین میو اورنگزیب جمالدینی،پرنسل کیڈٹ کالج ریٹائرڈ کرنل احمد جان مینگل،ڈی ایس پی سمیت علاقہ معتبرین اور سرکاری آفیسران موجود تھے۔
پاکستان تحریک انصاف ضلع کچھی کی جانب سے ڈھاڈر میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شاندار ریلی کا انعقاد ریلی کی قیادت چئیرمین میونسپل کمیٹی ڈھاڈر سید محمد علی شاہ نے کی ریلی جس میں شامل شرکاء نے قومی پرچم اور وطن کی خاطر جام شہادت نوم کرنے والے قومی ہیروز کے بینرز اٹھائے ہوئے تھے ۔
شرکاء نے پاک فوج اور پاکستان کی سلامتی کے حق میں شدید نعرے بازی کی مقررین سے اظہار خیال کرتے ہوئے وڈیرہ علی احمد رند،عبدالحئی گولہ،حاجی خان جتوئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں وطن کی خاطر جانوں کا نزرانہ پیش کرنے والوں ان شہداء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اس مادر وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر انہیں نیست نابود کردیا قوم اپنے ان ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔
جنہوں نے محاز پر شہادت جیسی بلند رتبہ پاکر ہمیشہ کیلئے امر ہو گئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو افواج پاکستان کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے جنہوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ ہر ملک کے چپے چپے کی حفاظت کی یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا میں افواج پاکستان کو بہادری اور شجاعت کا پیکر سمجھاجاتا ہے اور انکی پیشہ ورانہ صلاحتیوں پر دنیا رشک کرتی ہے ملک کے یہ بہادر جاں سپوت قوم کی محافظ ہیں اور ہمیں اپنے افواج پر فخر ہے ۔
جنہوں نے نہ صرف ملک کی حفاظت میں پیش پیش رہے بلکہ دنیا بھر میں ملک کا ایک بہتر امیج متعارف کروایااور عالم امن میں بھی ہر اول دستہ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے لیبر ونگ کے صدر سردار زین العابدین خلجی کی قیادت میں اور تحریک نفاذ جعفریہ کے زیر اہتمام ریلی نکال کر مادر وطن کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کوئٹہ، قلات، خضدار، نوشکی، چاغی، تربت، گوادر، کے علاوہ پنجگور ، لسبیلہ، نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی، صحبت پور، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، لورالائی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، چمن، پشین، دکی سمیت صوبے بھر میں بھی یوم دفاع کے حوالے سے سرکاری و نجی سطح پر تقاریب اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ۔
پاک فوج اور ایف سی کے اعلیٰ افسران نے شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے۔ شہداء کے گھر جاکر ان کے لواحقین سے بھی ملے اور انہیں کے پیاروں کی ملک کے دفاع کی خاطر دی گئی قربانیوں کو سراہا۔