|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2018

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں قائم سرکاری وپرائیویٹ ہسپتالوں کے سامنے شدید ٹریفک جام ہونے لگا لوگ سیکنڈوں کا سفر منٹوں میں طے کرنے لگے ۔

ٹریفک پلان نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدیدمشکلات درپیش ہے ،طلباء وطالبات اور سرکاری ملازمین سمیت دیگر ٹریفک بندش کی وجہ سے وقت پر دفاتر اور سکول نہیں پہنچ پاتے ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں مختلف روڈوں پر قائم سرکاری وپرائیویٹ ہسپتالوں جس میں سول ہسپتال جناح روڈ،کوئٹہ ہسپتال ڈاکٹرشیر محمد روڈ،نیشنل ہسپتال پرنس روڈ ،اکرم ہسپتال ،الخیر ہسپتال اور سمنگلی روڈ شہدائے زہری پل کے قریب واقع فوڈ پوائنٹس کے ساتھ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام ہونا روز کا معمول بن گیاہے ۔

لوگ گاڑیاں سڑک پر پارک کرکے چلے جاتے ہیں حالانکہ حادثے یاایمرجنسی کی صور ت میں ایمبولینسز کو ہسپتالوں کے سامنے پارک کیاجاتاہے تاہم ایسی صورتحال میں ایمبولینس پارک کرنے کیلئے بھی جگہ نہیں ہوتی کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے فوڈ پوائنٹس کے سامنے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی بھی یقین دہانی کرائی گئی تھی مگر اس پرعملدرآمد نہ ہوسکا ۔

ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدیدمشکلات درپیش ہے ٹریفک قوانین ودیگر سے متعلق شہریوں میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے بھی ٹریفک کامسئلہ درپیش رہتاہے ۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے حکام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک جام کے مسئلے کا نوٹس لیں۔