|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2018

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی عوام دشمن پالیسی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضلع کوئٹہ کے مختلف ٹارگٹڈ علاقوں میں گھریلو صارفین کے گیس میٹرز کو ٹمپرنگ اور نقائص کا بہانہ بنا کر خلاف قانون میٹرز کو اتار کر ان کی جگہ انتہائی تیز اور نئے میٹرز کی تنصیب کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دراصل سوئی سدرن گیس کمپنی لائن لاسز اور اپنی چوریوں اور نااہلی کو چھپانے کیلئے عوام پر جرمانے ، سلو میٹر اور ٹمپرنگ کا بہانہ بنا کر ہزاروں روپے وصول کررہی ہے جس کی اگر چہ کوئی ضرورت نہیں کیونکہ میٹرز کی تنصیب کا یہ عمل انتہائی خفیہ اور قانونی تقاضوں کے برخلاف صارفین کو آگاہ کےئے بغیر چوری چپے ایسے اوقات میں یہ تمام کارروائی کررہی ہے کہ جب گھر پر کوئی موجود نہیں ہوتا ۔ اور یہ تمام کارروائی بھی چند مخصوص علاقوں میں ہمارے عوام کو لوٹنے کیلئے کیا جارہا ہے ۔گیس کمپنی کے اہلکار ان میٹرز کو اتار کر اپنے ہی بنائے گئے اصول وقوائد کی تکمیل کیلئے نام نہاد لیبارٹری میں خود ساختہ رپورٹس کی بنیاد پر صارفین پر بھاری جرمانے عائد کررہی ہے جس کی پشتونخوامیپ پرزور مذمت کرتے ہوئے اس سے بدترین عوام دشمنی قرار دیتی ہے ۔حالانکہ یہ تمام نئے میٹرز ملک کے دیگر صوبوں بالخصوص پنجاب کے عوام نے اس سے مسترد کرچکے ہیں اور اب ان میٹرز کو ہمارے صوبے کے عوام پر غیر قانونی طور پر مسلط کیا جارہا ہے جس کی پشتونخوامیپ سخت مذمت کرتی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکمران پارٹی اور ان کے ممبران بھی اس بدترین عوام دشمنی پر یکسر خاموش اور کوئی رد عمل نہیں کررہے ہیں لیکن پشتونخوامیپ کسی صورت اس عوام دشمنی کو نہ تو قبول کرسکتی ہے اور نہ ہی خاموش رہ سکتی ہے اس لےئے ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کو ہر سال کےئے گئے ہزاروں روپے کے ناجائز بل کو فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے ان کے اصل میٹرز کی تنصیب کی جائے اور ناجائز بلوں اور جرمانوں کے وصولی کے سلسلے کو روکا جائے اور عوام کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ شدید احتجاج پر مجبور ہو۔