تربت: بی این پی عوامی کے قائم مقام صدر ایم پی اے سید احسان شاہ نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت اور ہائی اسکول کوشقلات کا دورہ کرتے ہوئے ہسپتال میں تعمیراتی کاموں میں ناقص مٹیریل کے استعمال ، ہسپتال کے احاطے میں پرائیوٹ ٹرسٹ کی تعمیر پر برہمی اور اسکول میں درس تدریس میں اساتذہ و بچوں کی عدم دلچسپی پر غم وغصے کااظہار کیا۔
بی این پی عوامی کے ایم پی اے سید احسان شاہ نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ٹیچنگ ہسپتال تربت کا دورہ کرتے ہوئے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور او پی ڈی کا معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال پر زور دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ہسپتال میں کوئی نئی تبدیلی نہیں لائی گئی جو طبعی سامان پانچ برس قبل انہوں نے مہیا کیئے تھے اب تک وہی استعمال ہورہے ہیں ۔
سابق وزیر اعلی کی جانب سے کوئی سہولت فراہم نا کرنا افسوس کا باعث ہے۔انہوں نے ہسپتال میں تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ان میں ناقص مٹیریل کے استعمال اور کرپشن پر شدید برہمی ظاہر کی اور ان کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے سرکاری ہسپتال کے اندر پرائیوٹ ٹرسٹ کا قیام اور دکانوں کے معاملے پر خدشات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کسی کو ہسپتال کے اندر اپنے نا م کے ساتھ زاتی ٹرسٹ بنانے کی اجازت نہیں دینگے یہ سرکاری رولز کے خلاف ہے جبکہ دکانوں کو زاتی حیثیت میں سیاسی مراعات کے طور پر بند ر بانٹ کر کے ہسپتال کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر کہور خان، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر فاروق رند اور دیگر بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں ایم پی اے سید احسان شاہ نے ہائی اسکول کوشقلات کا دورہ کر کے مختلف کلاس رومز جا کر بچوں سے سوالات کیئے اور ان کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئے ۔
انہوں نے اسکول کی حالت زار پر افسوس کااظہار کیا اور اساتذہ کو نظم ونسق بہتر بنانے کی ہدایت کی اس دوران ڈی ای او تربت منظور احمد بلوچ اور این سی ایچ ڈی کے ڈائریکٹر التاز سخی بھی ن کے ہمراہ تھے۔
جبکہ عوامی شکایت پر انہوں نے کہن پشت اور کوشقلات میں واٹر سپلائی کی ناقص صورتحال کا معائنہ بھی کیا اور محکمہ پی ایچ اے کو صاف پانی فراممی کی سخت ہدایت کی۔ اس دوران بی این پی عوامی کے قائم مقام جنرل سیکرٹری غفور احمد بزنجو، مراد جان گچکی اور قاضی نور احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ٹیچنگ ہسپتال تربت میں سہولیات کا فقدان باعث افسوس ہے، احسان شاہ
وقتِ اشاعت : October 18 – 2018