یہ کہنا تو نہایت مشکل ہے کہ مستقبل کا مورخ ہمارے عہد رواں کے بارے میں کیا رائے اور نظریہ ترتیب دے گا لیکن یہ بات درست ہے کہ وہ ہمارے زمانے کے جن انسانیت سوز واقعات کو اپنے تجزیے اور تبصرے میں شامل کرے گا ان میں مسئلہ کشمیر یقینی طور پر نمایاں اور اوّلین درجے پر ہوگا۔اس کا ایک بڑا سبب یہ ہے کہ سائنسی اور فنی اعتبار سے ہماری موجودہ نسل نے بے پناہ ترقی کی ہے اور گاہے اس ترقی کو حیرت کی نگاہ سے بھی دیکھا جاتا ہے لیکن سچی بات یہ ہے کہ اخلاقی طور پر اور انسانی اقدار کے فروغ اور استحکام کے حوالے سے ہم لوگ ایک دوسرے کے سامنے شرمندہ ہی نہیں بلکہ بے بس دکھائی دیتے ہیں۔