قومی ثقافت کی تشکیل میں ادیب و شاعر سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں، قومی احساس کو ابھار نے اور قومی شعور کو بیدار کرنے کی غرض سے یہ تمام لوگ گیتوں، قصوں، کہانیوں اور دیومالاہی تصورات کو تحریر میں لاتے ہیں،اس کے ساتھ ہی ان کی تخلیقات زبان و ادب کو ذر خیز کرتے ہیں۔ زبان کسی معاشرہ کی ذہنی ترقی کا آئینہ دار ہوتا ہے، اس لیے جب تک زبان میں علمی و ادبی و فلسفیانہ موضوعات نہیں آئیں گے اس وقت تک معاشرہ کا ذہنی شعور محدود رہیگا اور جب مقامی زبان میں ادب پیدا ہوتا ہے تو اس کے ساتھ ہی زبان کے معیار کے لیے قوانین و قواعد مرتب کیے جاتے ہیں اور لسانیات کے شعبہ میں ترقی ہوتی ہے۔