یوسف مستی خان 16 جولائی 1948 کو کراچی میں واجہ اکبر مستی خان کے گھر میں پیدا ھوئے۔ ان کا تعلق بلوچوں کے مشہور قبیلے ” گورگیچ” سے تھا۔ اس قبیلے کو کسی زمانے میں بلوچ تاریخ کے دراز قد شخصیت، قومی ہیرو اور نامور بلوچی شاعر ” بالاچ ” کی وجہ سے بہت شہرت اور عروج حاصل رہا۔ بالاچ نہ صرف گورگیچ قبیلے کے سردار تھے بلکہ وہ بلوچ قبائل میں ایک اہم کردار کے بھی حامل تھے۔ بالاچ کے وفات کے بعد اس قبیلے کا شیرازہ بھکر گیا اور اس کے بڑی تعداد میں لوگ افغانستان ہجرت کرگئے اور قندھار کے گرد و نواح میں کرز کے علاقے میں آباد ہوگئے۔ ڈھائی سو سال قبل اس قبیلے کے کچھ لوگ افغانستان سے آکر” قلات ” میں آبادہوئے جہاں سے کچھ لوگ بلوچستان کے علاقے ” سبی ” میں آباد ھوئے جبکہ یوسف مستی خان کا خاندان کراچی میں جاکر آبادہوا۔ ان کا شمار کراچی کے حکمران خاندان میں ہوتاتھا ایک طرف ان کے والد واجہ اکبر مستی خان فشری سے متعلق کاروبار اور فیکٹریوں کے مالک رہے تو دوسری ان کے چچا ستار مستی خان انگریزی حکومت میں خان آف قلات کے سفیر رہے۔ یوسف مستی خان نے ابتدائی تعلیم کراچی اور پھر مری میں حاصل کی۔