ایمان اورخوشگوار زندگی

Posted by & filed under کالم / بلاگ.

انسان کی خوشگوار زندگی میں ایمان کا کلیدی کردار ہے۔باایمان شخص ہمیشہ پرامید رہتا ہے، وہ اپنے آپ کو ہر وقت کسی ناقابل شکست غیبی طاقت کے زیرسایہ پاتا ہے، وہ مایوسی کو کفر سمجھتا ہے، ایمان انسانی زندگی کو بامقصد بنا دیتا ہے؛ کیونکہ وہ روح اور بدن کی جدائی یعنی موت کو ابدی ہلاکت نہیں سمجھتا بلکہ اسے عارضی زندگی سے حقیقی زندگی کی طرف ایک سفر قرار دیتا ہے، باایمان شخص پر اگر زندگی میں کچھ مصائب و آلام آ بھی جائیں تو وہ پریشان حال نہیں ہوتا کیونکہ اسے ایمان اور یقین ہے کہ دنیاوی مشکلات اخروی آسائشوں کا پیش خیمہ ہیں۔ پریشانی کے مختلف اسباب و علل ہیں؛ کبھی انسان مال کی کمی کی وجہ سے پریشان ہوتا ہے، بسااوقات صحت خراب ہونے کے باعث بے چین ہوتا ہے، گاہے بہ گاہے کسی عزیزکی فوتگی کے باعث مضطرب ہوتا ہے، کبھی کبھاراولاد کے نہ ہونے کے سبب بے سکون ہوتاہے۔