|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2015

تربت(خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرصدارت یہاں امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر مکران پسند خان بلیدی ،ڈپٹی کمشنر کیچ ممتاز علی بلوچ، وزیراعلی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری نسیم لہڑی، ڈی پی او کیچ عمران قریشی ، ایف سی اور ایف ڈبلیو او کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلع کیچ کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امن و امان کی بہتری کے لیئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ وزیر اعلی نے کہاکہ ضلع میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ تربت شہر کے علاوہ تحصیل کی سطح پر بھی فرائض کی انجام دہی یقینی بنائے اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور ڈیوٹی سے غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائیگی ۔انہوں نے کہاکہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ شہر کی تعمیر وترقی کی اسکیموں کو تکمیل تک پہنچانے کے لیئے حکومت کو سیکیورٹی کے اقدامات اٹھانے پڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں کی تعمیر میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور ان کی بروقت تکمیل نہیں ہوپارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مخلوط حکومت کی کوششوں سے امن و امان کے مسئلے پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے لیکن دیہی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری کی ضرورت ہے تاکہ حکومتی اداروں پر عوام کا مکمل اعتمادبحال ہوسکے ۔۔انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال کی بہتری کے لئے اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور متواتر رابطے بنیادی اہمیت کے حامل ہیں جس سے امن و امان اور تعمیر و ترقی کے عمل میں مثبت اور دیرپا اثرات مرتب ہونگے۔وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حکوت عوامی توقعات پر ضرور پورا اترے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں دانشوروں، وکلاء اور بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک ذمہ دار حکومت ہے اور ہم محض زبانی وعدے نہیں کرتے بلکہ عملی اقدامات کرکے عوامی اعتماد حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن ہمارا اثاثہ ہیں اور کارکن ہماری غلط پالیسی درست کرنے کے لئے ہمیشہ ہماری رہنمائی کریں تاکہ ہم اپنی اصلاح کرسکیں اور حکومتی امور کو بہتر طریقے سے سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا ک ہم باقاعدہ طو رپر حکومتی کارکردگی کو جانچنے کے لئے اجلاس بلائیں گے جس میں عوامی مسائل پر بحث ومباحثہ کیا جائے گا اور حکومتی نقائص کی نشاندہی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیشنل پارٹی اپنے منشور کے مطابق کام کررہی ہے اور اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے۔ ہم کبھی بھی عوام اور پارٹی کارکنوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔